سکھر۔21اپریل (اے پی پی):خیرپور میں خوفناک روڈ حادثہ میں 12 افراد جاں بحق اور 22 مسافر زخمی ہوگئے ہیں۔حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی اور دیگر افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، زخمی مسافروں کو انتہائی تشویشناک حالت میں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ، مقامی انتظامیہ ، مقامی لوگوں اور ایدھی کے رضاکاروں نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے حادثہ کی جگہ سے میتوں اور زخمیوں کو اٹھایا اور ہسپتال روانہ کیا۔تفصیل کے مطابق خیرپورکے قریب پرانہ نیشنل ہائی وے پر حسین آباد کے پاس نواب شاہ سے سکھر جانے والی مسافر وین اورسکھر سے سانگھڑ جانے والی مسافر کوچ کے درمیان تصادم ہوگیا، وین کا ٹائر نکل گیا جس کے باعث وہ بے قابو ہوکر سامنے سے آنے والی کوچ کے ساتھ ٹکرا گئی جس کے باعث وین میں سوار 12 مسافر جاں بحق ہوگئے ۔
جاں بحق ہونے والوں میں دو بچے ، ایک خاتون اور 9 مرد شامل ہیں ، جاں بحق ہونے والوں میں 01 نجبہ منصور ولد خادم حسین شر،02 علی ڈنو شاھ ولد بند علی شاھ،03 علی شیر ولد پیار علی شیخ،04 سبحان شاھ ولد چتن شاھ،05 نیاز علی شاھ ولد پیرل شاھ،06 داد محمد راجپر ولد جادم،07 ساجد ولد لیاقت علی،08 غلام حسین ولد علی حیدر جمالی،09 بچی نینہ ولد غلام حسین جمالی،10 عبید ولد کوڑو خان چانڈیو،11 نصیرالدین ولد گل حسن تنگواٹی اور محمد شکیل ولد محمد ایوب آرائین شامل ہیں۔ وین کا ڈرائیوراور کنڈکٹربھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔
حادثہ میں 22 افراد زخمی ہوگئے ہیں جوخیرپور اور دیگر ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں ۔زخمیوں میں سکینہ زوجہ غلام حسین،02 ثناء اللہ ولد غلام حسین،03 غلام حیدر ولد غلام حسین،04 حبدار ولد محب علی،05 عبدالستار ولد غوث بخش ،06 ایان علی ولد رضوان علی اور دیگر شامل ہیں۔ خوفناک حادثہ کے باعث سڑک پر قیامت صغریٰ کا منظر تھا، وہاں سے گزنے والی گاڑیوں کے لوگوں نے حادثہ کا شکار بدقسمت گاڑیوں سے زخمیوں کو نکالا اور ایمبولینسز میں بٹھایا۔ مقامی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی۔