داؤد سنز اسلحہ انڈسٹری نے اپنی محنت ، لگن اور صلاحیتوں سے پاکستان کا نام روشن کیا ، فیصل کریم کنڈی

113
Faisal Karim Kundi
Faisal Karim Kundi

پشاور۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ داؤد سنز اسلحہ انڈسٹری نے اپنی محنت لگن اور صلاحیتوں سے پاکستان کا نام روشن کیا اور خود کو عالمی سطح پر متعارف کرایا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے داؤد سنز اسلحہ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر داؤد سنز کے چیف ایگزیکٹیو حکیم الدین داؤد اور علی نے گورنر خیبرپختونخوا کا استقبال کیا ۔ سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر مولانا عبد الجلیل جان، سمال انڈسٹری چیمبر کے صدر وحید عارف اعوان ، کاروباری شخصیت مقیم خان، پیپلز پارٹی کے ڈویژنل صدر مصباح الدین اور دیگر سیاسی و کاروباری شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ تاجر رہنماؤں نے گورنر خیبرپختونخوا کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ بجلی کی مناسب ترسیل اور گیس کے پریشر کو یقینی بنانے کے حوالے سے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائے گا ، انڈسٹری کو اسکی ضرورت کے مطابق بجلی اور گیس فراہم کی جائے گی تو اسکی کارکردگی اور پیداوار میں اضافہ ہوگا اور اس سے صوبہ میں معاشی ترقی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ داؤد سنز اسلحہ انڈسٹری نہ صرف صوبے اور ملک بھر بلکہ بیرون ملک میں ایک اہم مقام رکھتی ہے جس پر اس ادارہ سے وابسطہ شخصیات خراج تحسین کی مستحق ہیں ۔ دورے کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی کو فیکٹری میں مختلف شعبوں کا معائنہ کروایا گیا جہاں اسلحہ سازی کے جدید طریقے اور ٹیکنالوجیز متعارف کرائی گئی ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے فیکٹری کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مقامی سطح پر اسلحہ سازی کی صنعت میں جو ترقی دیکھنے کو مل رہی ہے وہ قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس شعبے کو مزید فروغ دینے اور اسلحہ سازی کی صنعت میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی ۔ داؤد سنز کی انتظامیہ نے بھی گورنر کے دورے کو سراہا اور انڈسٹری کی ترقی کے حوالے سے حکومت سے مزید تعاون کی توقع ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور حکومتی تعاون سے اسلحہ سازی کی صنعت کو بین الاقوامی معیار تک پہنچایا جا سکتا ہے جس سے مقامی معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔