داسو ڈیم 2023 میں مکمل ہونا تھا ، اس منصوبے کی تکمیل میں اب کوئی تاخیر برداشت نہیں کریں گے ،وفاقی وزیر آبی وسائل خورشید شاہ

259
داسو ڈیم 2023 میں مکمل ہونا تھا ، اس منصوبے کی تکمیل میں اب کوئی تاخیر برداشت نہیں کریں گے ،وفاقی وزیر آبی وسائل خورشید شاہ

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل خورشید شاہ نے کہا ہے کہ داسو ڈیم 2023 میں مکمل ہونا تھا اس منصوبے کی تکمیل میں اب کوئی تاخیر برداشت نہیں کریں گے جبکہ چیئرمین واپڈا نے بتایا ہے کہ ڈیم سے بجلی کی پیداوار جون 2026 میں متوقع ہے۔

اتوار کو داسو ڈیم منصوبے کے دورے کے موقع پرحکام،چینی انجینئرز اور ورکروں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ داسو ڈیم 2023 میں مکمل ہونا تھا، افسوس بہت زیادہ تاخیر ہوئی،داسو ڈیم منصوبے میں اب مزید تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے میں کوئی بھی رکاوٹ آئے تو مجھے فورا ًآگاہ کریں ہر رکاوٹ دور کرنے کے لیے ذاتی دلچسپی لوں گا۔فنڈز سے لے کر ماحولیات وغیرہ تک کے ہر معاملے کو فوری حل کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی معاشی بقاء آبی منصوبوں سے جڑی ہے،ہماری پوری کوشش ہونی چاہیے کہ پانی سے بجلی کی پیداوار مجموعی پیداوار کے ستر فیصد تک لے جائیں،پوری کوشش ہو گی بطور وزیر آبی وسائل اس قومی ذمہ داری میں حصہ ڈالوں۔

وفاقی وزیر آبی وسائل خورشید شاہ کو داسو ڈیم پراجیکٹ سائٹ پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ داسو منصوبے پر کام کی رفتار مارچ سے تیز ہوئی ہے، منصوبے کی مجموعی لاگت 510 ارب ہے،منصوبے کی لاگت بڑھنے کی توقع ہے،دسمبر تک پانی کی دونوں ڈائیورشنز ٹنل مکمل ہو جائیں گی جس کے بعد مین ڈیم کی تعمیر شروع ہو گی۔چیئرمین واپڈا نے بریفنگ میں بتایا کہ اس وقت منصوبے تک رسائی کی سڑکوں پر کام تیزی سے مکمل ہو رہا ہے۔ منصوبے کا پاور ہاؤس ایک کلومیٹر انڈر گرائونڈ ہے جس کی کھدائی تقریبا ًمکمل ہو چکی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مین ڈیم کی تکمیل مئی 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف ہے۔بجلی کی پیداوار کے پہلے تین یونٹ جون 2026 تک شروع ہونے کا ہدف ہے۔بجلی کی مکمل پیداوار جنوری 2027 تک شروع کرنے کا نظرثانی شدہ ہدف ہے۔ یہ منصوبہ پہلے 2023 تک مکمل ہونا تھا۔داسو ڈیم منصوبے میں تاخیر کی بڑی وجہ لینڈ ایکوزیشن بروقت نہ ہونا ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ داسو ڈیم 4320 میگا واٹ کا منصوبہ ہے۔بھاشا ڈیم بننے کے بعد داسو ڈیم سے بجلی پیداوار 5400 میگا واٹ تک لے جا سکتے ہیں۔