داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس، وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوامحمد خان کی منصوبے کے لئے زمین کے حصول کا عمل تیز کرنے کی ہدایت

98

اسلام آباد ۔ 14 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ گذشتہ پچاس سال میں کسی حکومت نے داسو ڈیم کے منصوب کو سنجیدگی سے نہیں لیا ،داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کے لئے زمین کے حصول کا عمل تیز کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمد خان کے ہمراہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی سٹیئرنگ کمیٹی کے 13 ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا حکومت، واپڈا، وفاقی وزارت برائے آبی وسائل ، ای اے ڈی اور فنانس کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس کا اہم ایجنڈا زمین کے حصول کے طویل عمل کو تیز اور حل کرنا تھا۔ گذشتہ اجلاس کے مطابق کے پی کے حکومت نے ایک جامع رپورٹ پیش کی جس میں انہوں نے تمام اختیارات کے بارے میں آگاہ کیا جس میں ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے سلسلہ میں متاثرین سے مشاورت اور زمین کے حصول کے عمل کو تیز کرنے جیسے اقدامات شامل تھے۔فیصل واڈا نے پراجیکٹ ٹیم کو زمین کے حصول میں تیزی لانے کی ہدایات جاری کیں اور رکاوٹوں کو دور کرنے کے سلسلہ میں اپنی پوری حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے برعکس گذشتہ پچاس سال میں کسی حکومت نے اس معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ میں 12 پیداواری یونٹس کے ساتھ 320,4 میگاواٹس بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہوگی اور قومی آبی پالیسی میں یہ منصوبہ ترجیحی منصوبوں میں سے ایک ہوگا۔