دانتوں اور منہ کی بیماریوں کی روک تھام پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ، لوگوں کو دانتوں اور منہ کی صحت کے بارے میں آگاہی دی جائے ، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

150

اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دانتوں اور منہ کی بیماریوں کی روک تھام پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے بروقت طبی مشورے اور احتیاطی علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں، لوگوں کو دانتوں اور منہ کی صحت کے بارے میں آگاہی دینے کی ضرورت ہے ، ابتدائی حفاظتی اقدامات کے ذریعہ منہ کی 90 فیصد سے زیادہ بیماریوں سے مؤثر طریقے سے نمٹا جا سکتا ہے۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں ڈینٹل ویلفیئر کمپلیکس اور موبائل ڈینٹل کلینک سے متعلق بریفنگ کے دوران کیا۔

چیئرمین پاکستان ڈینٹل ایسوسی ایشن ویلفیئر کمپلیکس گوجرانوالہ ڈاکٹر حسن بشیر بسرا ، نائب صدر آپریشنز کلیئر پاتھ آرتھوڈونٹکس عامر خالد ، پاکستان ڈینٹل ایسوسی ایشن گوجرانوالہ کی نائب صدر ڈاکٹر عائشہ عمران ، نائب صدر پی ڈی اے گوجرانوالہ ڈاکٹر رضوان اصغر اور پی ڈی اے گوجرانوالہ کے دیگر ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔

ڈاکٹر حسن بشیر بسرا نے اجلاس کو گوجرانوالہ میں قائم ڈینٹل ویلفیئر کمپلیکس (ڈی ڈبلیو سی) اور موبائل ڈینٹل کلینک (ایم ڈی سی) کے قیام کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ایم ڈی سیز جدید طبی آلات سے لیس ہوں گے اور غریب اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کو دانتوں اور منہ کی صحت کی کم لاگت خدمات فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ موبائل ڈینٹل یونٹس ملک کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے مریضوں کو دانتوں کے مسائل سے نمٹنے اور احتیاطی علاج فراہم کرنے میں بھی مدد کریں گے۔

صدر مملکت نے پی ڈی اے گوجرانوالہ کے انسان دوستی کے جذبے کو سراہا اور پاکستان میں دندان سازی سے متعلقہ آلات کی مقامی مینوفیکچرنگ کی ضرورت پر روشنی ڈالی تاکہ لوگوں کو ان کے مسائل کا کم لاگت حل فراہم کیا جا سکے۔

اس سے قبل صدر مملکت نے ڈینٹل ویلفیئر کمپلیکس اور موبائل ڈینٹل کلینک کا بھی افتتاح کیا جو گوجرانوالہ میں مستحق مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرے گا۔