بھمبر ۔22جنوری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہےکہ دانش سکولوں سے ملک میں تعلیمی انقلاب آئے گا، دانش سکول میں مفت کتابیں ،کھانا اور رہائش فراہم کی جاتی ہے۔ آزاد کشمیر میں دانش سکولوں کاجال بچھائیں گے، ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کئے بغیر ترقی اور خوشحالی کا پہیہ نہیں چلے گا، ملک کے خلاف سازشیں کرنے والے ناکام ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو آزاد کشمیر میں پہلے دانش سکول سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینٹر آف ایکسیلنس بھمبر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دانش سکولوں کا قیام خوش آئند ہے، دانش سکول کی بنیاد پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے ذہین اور باصلاحیت طلبہ کے لئے رکھی گئی جن کے والدین کے پاس تعلیمی اخراجات کے لئےوسائل نہیں تھے، ہزاروں بچے دانش سکولوں سے تعلیم حاصل کر کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سر انجام دے رہے ہیں، یہ دانش سکول کشمیریوں کیلئے علم ودانش کا گہوارہ بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، انہیں بھی اس منصوبے سے خوشی ہوگی کہ ان کے کشمیری بھائی یہاں اعلی معیار کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں،ہمیں ادراک کرنا ہوگا کہ مقبوضہ کشمیر میں تعلیم کاحصول کتنامشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ باصلاحیت یتیم اور غریب بچے دانش سکول میں معیاری تعلیم حاصل کر رہے ہیں، اس سے ملک میں تعلیمی انقلاب آئے گا، دانش سکول میں مفت کتابیں ،کھانا اور رہائش فراہم کی جاتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کے جن علاقوں میں تعلیم و تربیت کی سہولیات میسر نہیں وہاں دانش سکولوں کاجال بچھائیں گے، لڑکوں اور لڑکیوں کو الگ الگ تمام معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گے، یتیم اور جن بچوں کے والدین اعلی تعلیم نہیں دلوا سکتے وہ بچے یہاں تعلیم حاصل کریں گے، نیلم سمیت دیگر علاقوں میں یہ سکول جلد شروع ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ دانش سکول کے لیے تمام فنڈز وفاقی حکومت ادا کرے گی ۔ انہوں نےمتعلقہ حکام کو یہ سکول ایک سال میں فعال کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب ،سندھ اور بلوچستان کے وزراء اعلیٰ تعلیم و صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں بھی دانش سکول قائم کئے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وبربریت کی انتہا کر دی ہے، جب تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت نہیں مل جاتا اور آزادی کا سورج طلوع نہیں ہوتا، ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، پاک فوج کے سپہ سالارجنرل سید عاصم منیر کشمیری بھائیوں کی حمایت کاغیر متزلزل عزم رکھتے ہیں، کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، ان کو آزادی ملے گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اقدامات کے باعث مہنگائی اورشرح سود میں کمی آئی ہے ، برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافہ ہواہے، عالمی بینک نے پاکستان میں مختلف منصوبوں کے لیے 20 ارب ڈالر مختص کئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، متحد ہوکر مشکلات کا سامنا کررہے ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کامیابی سے مکمل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جب تک ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہوگا ملک کی ترقی اور خوشحالی کا پہیہ نہیں چلے گا ، افواج پاکستان اور سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دے رہے ہیں ، ہمیں اس کا اعتراف کرنا چاہیے۔انتشار سے ملک کو روزانہ 190 ارب کا نقصان ہوتاہے، ملک کے خلاف سازشیں کرنے والے ناکام ہوں گے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر انوار الحق نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھمبر جیسے پسماندہ ضلع میں دانش سکول قائم کرکے علم کی شمع روشن کی ہے، یہ ان کا کریڈٹ ہے،اس عظیم منصوبے کے آغاز پر ان کے شکر گزار ہیں، یہ گیم چینجر منصوبہ ہے، پاکستان اور کشمیری عوام کا رشتہ کلمہ طیبہ پر استوار ہے، یہ رشتہ مستقبل میں مزید مضبوط ہو گا۔بھارتی ریاستی دہشت گردی کاکشمیری متحدہوکرمقابلہ کریں گے۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے پروپیگنڈا کررہاہے۔
وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان امیر مقام نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دانش سکول کا منصوبہ شروع کرنے پر وزیراعظم کے شکر گزار ہیں، آزادکشمیر میں 4دانش سکول قائم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنی جہدوجہد آزادی کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں، کشمیر کاز زندہ ہے اور زندہ رہے گا،وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کشمیریوں کا مقدمہ عالمی سطح پر بہادری اور جرات سے اجاگر کیا، انہوں نے ملک کو درپیش چیلنجوں سے احسن طریقےسےنمٹا،مانسہرہ،میرپور،مظفراباد منصوبہ پر کام شروع ہونا چاہیے۔
وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج کشمیر میں دانش سکولوں کا آغاز کر دیاہے، تعلیمی ترقی سے قومیں ترقی کرتی ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سوچ کے مطابق ملک میں جدید تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں، دانش سکول مستقبل میں نوجوانوں کو معیاری تعلیم فراہم کرکے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر پنجاب میں دانش سکولوں سے متعلق دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔
تقریب میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر انوارلحق،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ،وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان انجینئر امیر مقام،وفاقی وزیر پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت خالد مقبول صدیقی،وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور ران اثناء اللہ ،چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں ، آزادکشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے وزراء،اراکین اور حریت قیادت نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نےتقریب میں موجود حریت رہنمائوں سےپرتپاک انداز میں فرداًفرداًمصافحہ بھی کیا ۔