اسلام آباد ۔ 3 اگست (اے پی پی) چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی نااہلی کی درخواست پر سماعت 17 اگست تک ملتوی کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، عوامی مسلم لیگ اور پاکستان عوامی تحریک سے نواز شریف اور دیگر کے خلاف پانامہ لیکس پر دستاویزی ثبوت طلب کر لئے ہیں۔ بدھ کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا خان کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، عوامی مسلم لیگ اور عوامی تحریک کی جانب سے وزیراعظم محمد نواز شریف کی آئین آرٹیکل 62، 63 پر پورا نہ اترنے پر نااہلی کے حوالہ سے دائر کی گئی درخواست کی سماعت کی۔ پیپلز پارٹی کے لطیف کھوسہ، پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے چوہدری اشتیاق، پی ٹی آئی اور شیخ رشید کی جانب سے انیس ہاشمی پیش ہوئے۔ دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ماڈل ٹاﺅن کے سانحہ کو پانامہ ریفرنس سے الگ رکھنا چاہئے۔ انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے وکیل کے موقف کو مسترد کر دیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=14047