
اسلام آباد ۔ 19 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز اور چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے2نومبر کو اسلام آباد کو بند کرنے کی دھمکی کوریاست پر حملہ قرار دیتے ہوئے عمران خان سے سوال کیا ہے کہ آف شور کمپینوں میں شوکت خانم ہسپتال کے چندہ 5سال ڈوبی رقم کیسے نکلی اور کس بھارتی سرمایہ کار نے کس مقصد کے حصول کےلئے ان کے حصے کا خسارہ بھرا ہے‘ عمران خان کی اتنی بڑی چوری پکڑی گئی‘ اگر اتنے ہی سچے ہیں تو پھر تلاشی دینے سے کیوں گھبرا رہے ہیں‘ عمران خان کیوں نیازی سروسز‘جہانگیر ترین‘ علیم خان کے آف شور کمپنیوں کے اکاﺅنٹس منظر عام پر لارہے ہیں‘ ہم تحقیقات کرائیں گے کہ ان آف شور اکاﺅنٹس سے اور کون کون سے ٹرانزیکشنز ہوئیں ہیں‘ ٹی او آر کمیٹی اپوزیشن کی وجہ سے ٹوٹی ہے‘ پانامہ لیکس کے حوالے سے قانون سازی کےلئے حکومتی اور اپوزیشن کے بلز میں رکاوٹ بھی اپوزیشین جماعتیں ہیں‘ قائمہ کمیٹیوں میں ان بلوں کےلئے اجلاس رکھے جاتے ہیں تو پی ٹی آئی بائیکاٹ کرتی ہے اور پیپلز پارٹی مہلت مانگتی ہے۔ وہ بدھ کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر نے بتایا کہ 2 نومبر کو پی ٹی آئی نے اسلام آباد بند کرنے کی دھمکی دی ہوئی ہے‘ پی ٹی آئی کے سربراہ ایک طرف تو آئین اور قانون کی بات کرتے ہیں تو دوسری طرف خود ریاست اور ریاستی ادارے بند کرنے جارہے ہیں ‘یہ اقدام خطرناک ہوگا کیونکہ 1947ءسے لیکر اب تک ریاست کو بندکرنے کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔