اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کی عدالت نے دھوکے سے اپنی ہموطن سے رقم ہتھیانے والی خاتون کو لوٹی گئی رقم اور عدالت کے اخراجات ادا کرنے کا حکم دیاہے۔امارات الیوم کے مطابق عرب ملک سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نےاپنی ہم وطن خاتون کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔مقدمے میں دعویٰ کیاگیا کہ وہ وزٹ ویزے پر امارات پہنچی جہاں ایک ہموطن خاتون سے ملاقات ہوئی جس نے اس کے 12 ہزار درہم لے لیے مگر اب لوٹانے سے انکاری ہے۔
خاتون نے اپنے دعوے میں کہا کہ دبئی آنے پر اس کی ہم وطن یہ کہہ کر اسے اپنے گھر لے گئی کہ جب تک مناسب رہائش نہ مل جائے یہاں رہو۔ اس کا کہنا تھا کہ میں نے ہم وطن خاتون کے گھر جانے سے قبل منی چینجر سے رقم تبدیل کرائی جو 12 ہزار درہم بنی جسے پرس میں رکھا اور گھر چلی گئی۔
میزبان خاتون نے بلا کسی اجازت پرس میں رکھے 12 ہزار درہم نکال لیے جب دریافت کیا کہ یہ کیا کررہی ہو تو جواب دیا کہ اس وقت مجھے شدید ضرورت ہے تین دن بعد لوٹا دوں گی۔ خاتون نے بتایا کہ تین دن گزرنے کے بعد جب دوبارہ رقم کا مطالبہ کیا تو اس نے انکار کردیا جس پر عدالت سے رجوع کرنا پڑا۔عدالت نے گواہوں اور شواہد کی بنیاد پر خاتون کو پابند کیا کہ وہ اپنی ہم وطن سے لی گئی 12 ہزار درہم کی رقم لوٹائے علاوہ ازیں عدالتی اخراجات اور 5 فیصد سود بھی ادا کرے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=553608