اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):دبئی اسلامک بینک پاکستان لمیٹڈ اور جاز کیش نے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کو فروغ دینے اور پاکستان میں اندرون ملک رقوم کی ترسیل کو جدید اور آسان بنانے کے لئے اشتراک کیا ہے۔ اس مقصد کے لئے دونوں اداروں کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دبئی اسلامک بینک کے ہیڈ آفس میں دستخط کئے گئے جس میں دونوں اداروں کی سینئر مینجمنٹ نے شرکت کی۔
منگل کو جاری پریس ریلیز کے مطابق اس سٹریٹجک شراکت داری کے تحت دبئی اسلامک بینک کے عالمی نیٹ ورک کے ذریعے بیرونِ ملک سے آنے والی رقوم اب براہِ راست جاز کیش اکاؤنٹس میں منتقل کی جا سکیں گی جس سے صارفین کو فوری، محفوظ اور آسان مالی رسائی حاصل ہو گی، یہ اشتراک پاکستان میں فری لانس کمیونٹی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید ڈیجیٹل مالیاتی حل تلاش کرنے کی راہیں بھی ہموار کرے گا۔