دبئی۔30دسمبر (اے پی پی):دبئی انٹرنیشنل پراجیکٹ مینجمنٹ فورم کا 10واں ایڈیشن آئندہ سال 13 سے 16 جنوری تک دبئی کے مقام الجمیرہ میں منعقد ہوگا۔
امارت نیوز ایجنسی (وام)کے مطابق دبئی انٹرنیشنل پراجیکٹ مینجمنٹ فورم کا انعقاد دبئی کے ولی عہد ، نائب وزیراعظم، وزیر دفاع اور دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم کی سرپرستی میں ہوگا۔اس سال فورم کا موضوع ’’پائیدار مستقبل‘‘ ہے، جو دنیا بھر کی ممتاز شخصیات، نامور مقررین، اداروں کے سربراہان اور معروف پروجیکٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سینئر ایگزیکٹوز کو ایک جگہ جمع کرے گا۔
یہ فورم دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام اور پراجیکٹ مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ، دبئی الیکٹریسٹی اینڈ واٹر اتھارٹی، اعمار پراپرٹیز اور ڈی پی ورلڈ کے اشتراک سے منعقد ہو رہا ہے،جس میں 50 سے زائد مقامی اور بین الاقوامی مقررین مختلف اقتصادی اور تجارتی شعبوں کی نمائندگی کریں گے۔
فورم میں 19 اہم موضوعات پر گفتگو ہوگی، جن میں ’’پائیدار شہر‘‘، ’’تبدیلی‘‘، ’’مستقبل کی ملازمتیں‘‘ اور ’’مستقبل پر مرکوز پراجیکٹ مینجمنٹ‘‘ شامل ہیں۔اس کے علاوہ کارکردگی کی اصلاح، ریموٹ پراجیکٹ مینجمنٹ، سرکلر اکانومی، پراجیکٹ اکانومی، ورچوئل اور آگمینٹڈ ریئلٹی، معلومات کے تبادلے کا انتظام اور پراجیکٹ مینجمنٹ کے مستقبل کے رجحانات پر بھی گفتگو کی جائے گی۔