دبئی اور ترکیہ میں سکلز اینڈ شوٹنگ مقابلوں میں ایلیٹ فورس کے تربیت یافتہ کھلاڑی حصہ لیں گے، ترجمان پنجاب پولیس

40

لاہور۔9جولائی (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں فالو اپ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں قومی و بین الاقوامی سپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس، سنائپرز مقابلوں کیلئے ایلیٹ فورس کے کھلاڑیوں کی تیاری اور دیگر امور کو حتمی شکل دی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ دبئی اور ترکیہ میں قومی و بین الااقوامی سپیشل فورسز سکلز اینڈ شوٹنگ مقابلوں میں ایلیٹ فورس کے تربیت یافتہ کھلاڑی پنجاب پولیس کی نمائندگی کریں گے۔

اجلاس میں ٹیم سلیکشن، ویپن ہینڈلنگ، ٹریننگ اور لاجسٹکس سپورٹ کے معاملات کوبھی حتمی شکل دی گئی۔ کمانڈنٹ ایلیٹ ٹریننگ سکول خالد سلیمان نے بتایا کہ پنجاب پولیس کے کھلاڑیوں کی ایونٹس میں شرکت کیلئے دبئی اور ترکیہ پولیس حکام سے کوآرڈینیشن مکمل ہے۔ کھلاڑیوں کے انتخاب کیلئے بیس لائن، فزیکل جانچ پڑتال اور ٹیکٹیکل موومنٹ اسسمنٹ کی جا چکی ہے۔آئی جی پنجاب نے سپورٹس ٹیموں کی تشکیل اور مشقوں کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ دبئی اور ترکیہ مقابلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو جدید سنائپر رائفلز، ایمونیشن اور لاجسٹکس کے ساتھ بہترین ٹریننگ فراہم کی جائے۔کمانڈنٹ ایلیٹ ٹریننگ سکول نے مزید بتایا کہ ترکیہ میں بین الاقوامی سنائپرز مقابلوں کیلئے ایلیٹ فورس کے انتہائی ماہر نشانہ بازوں کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ کھلاڑیوں کو جدید سنائپر رائفلز، نائٹ سائٹ ویژن آلات، ونڈ میٹر اور کیمو فلاج سوٹ سمیت تمام سازو سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔مقابلوں کیلئے بہترین پولیس کمانڈوز، سنائپرز پر مشتمل ٹیمیں تشکیل اور جدید اسلحہ و سکلز ٹریننگ یقینی بنائیں۔پنجاب پولیس سپیشل فورسز کا معیار، پیشہ ورانہ مہارت دنیا کی دیگر جدید سول آرمڈ فورس کے ہم پلہ ہے۔

ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ جدید ٹریننگ سے لیس پنجاب پولیس کے جوان کرائم فائٹنگ، سپیشل آپریشنز اور سنائپرز سکلز میں بہترین صلاحیتوں کے مالک ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس سول آرمڈ فورسز سے متعلقہ بین الاقوامی مقابلوں میں بھرپور صلاحیتوں کا لوہا منوائے گی۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ پولیس فورس ڈاکٹر محمد وقار عباسی، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ پنجاب طارق رستم چوہان، ڈی آئی جی ایلیٹ پولیس فورس فیصل علی راجہ، کمانڈنٹ ایلیٹ پولیس سکول خالد سلیمان، ایس ایس پی رانا عمر فاروق، ایس پی مانیٹرنگ ایلیٹ پولیس فورس آغا رمضان علی اور ایس پی ہیڈ کوارٹرز ایلیٹ پولیس فورس اسد رحمان سمیت دیگر افسران موجود تھے۔