دبئی ایکسپو 2020پاکستان پویلین میں کشمیر گیلری کا افتتاح ،غیر ملکی شائقین کی بڑی تعداد میں شرکت

84

دبئی۔16مارچ (اے پی پی):دوبئی ایکسپو 2020ئ، پاکستان پویلین میں کشمیر گیلری کا افتتاح ہوا ،پاکستان پویلین کے اند ر گیلری میں کشمیر سے متعلق دستاویزی فلمز کی نمائش کے دوران لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

کشمیر گیلری کے منتظمین کی جانب سے کشمیرشو کے دوران کشمیر پریمیر لیگ سے وابستہ کرکٹ ہیروز شاہد آفریدی، وسیم اکرم، ہرشل گبز اور شعیب ملک کو مدعو کرنے کا اعلان کیا گیا، تقریب میں متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کے سفیر افضال محمود، چیئرمین وزیر اعظم معائنہ و عمل درآمد کمیشن آزادکشمیر راجہ منصور احمد خان، سیکرٹری سیاحت، سپورٹس، یوتھ وکلچر منصور قادر سمیت دوبئی میں مقیم صنعت کاروں اور کشمیری کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

کشمیر گیلری میں کشمیری دستکاروں نے پیپر ماشی اور کشیدہ کاری کا عملی مظاہرہ کیا جہاں کشمیری مصنوعات کے سٹالز بھی لگائے گئے جن میں سیاحت سے متعلق بروشرو، صنعتی معدنیات ماربل وگرینائیٹ کے نمونے،کشمیری نمدہ وگبہ، کشمیری شال، آرٹ وکرافٹ اور ایس اے انڈسٹری کی جانب سے تیارہ کردہ فن پارے شامل تھے۔

تقریب رونمائی میں کشمیر ی ثقافتی فن کاروں نے کشمیری گیت بھی پیش کئے ، معدنیات اور دستکاری سے متعلق متعلقہ ماہرین نے شرکا کو تکنیکی معلومات فراہم کیں اس موقع پر سیکرٹری سیاحت، سپورٹس، یوتھ وکلچر منصورقادر ڈار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوبئی ایکسپو کے پاکستان پویلین میں کشمیری مصنوعات کی نمائش سے سرمایہ کاری کے لیے نئی راہیں کھلیں گی ۔

دوبئی ایکسپو 2020ء میں 192ممالک کی جانب سے لگائے گئے ، پاکستان پویلین میں غیرملکیوں کی شائقین کی بڑی تعداد کی آمد سے پاکستان اور آزادکشمیر میں سیاحت ، صنعت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔نہوں نے کہاکہ سیاحت کے شعبے میں درجنوں منصوبے فزیبلٹی اور ماسٹر پلاننگ کے بعد سرمایہ کاری کے لیے دستیاب ہیں، پانچ ہزار میگاواٹ سے زائد کے پن بجلی کے منصوبوں کے لیے بھی سرمایہ کاروں کو آگے آنا چاہیے۔

سیکرٹری سیاحت، سپورٹس، یوتھ وکلچر نے کہا کہ صنعتی معدنیات میں بھی آزادکشمیر خودکفیل ہے۔ماہرین کے مطابق اربوں روپے کے معدنیات کی نکاسی کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع میسر ہیں۔ان معدنیا ت میں دنیا بھر میں مشہور کشمیری پتھر یاقوت(روبی) بھی شامل ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر افضال محمود نے کہا کہ کشمیر سیاحت کے ساتھ ساتھ صنعتی مصنوعات کے لیے مشہورہے، دوبئی ایکسپو میں کشمیر ی مصنوعات کو پاکستان پویلین کا حصہ بنانے کا مقصد سرمایہ کاروں کو نئے مواقع فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیر کی ترقی کے لیے پاکستان ہرممکن وسائل بروئے کار لارہا ہے۔کوئی بھی معاملہ ہو پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑارہے گا۔انہوں نے کہ ملکی وغیرملکی سرمایہ کار سیاحت، ہائیڈل پاور جنریشن، معدنیات اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں،پاکستان ہر طرح کا تعاون کرے گا۔