دبئی ایکسپو 2020 میں کشمیر پریمیئر لیگ کے شوکیس کا دوسر ا دن ، اہم شخصیات اور عظیم کھلاڑیوں کی شرکت ، کشمیر پریمیئر لیگ کےلئے محبت اور جذبات کا اظہار

78

اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):دبئی ایکسپو 2020 میں کشمیر پریمیئر لیگ کے شوکیس کے دوسر ے دن ہفتہ کو پاکستان پویلین میں کشمیر گیلری میں جاری تقریبات میں پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کی اہم شخصیات اور عظیم کھلاڑیوں نے اپنی شرکت سے چار چاند لگا د یئے ۔

کے پی ایل کے سی ای او چودھری شہزاد اخترنے کشمیر پریمیئر لیگ سیزن 2 کے بارے میں ایک تعارفی تقریر کے ساتھ دن کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ اس سال ہم ایک بہت بڑے اور شاندار کے پی ایل ایونٹ پیش کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مزید دو فرنچائزز کے اضافے سے کے پی ایل کے کینوس میں اضافہ ہوا ہے جس سے کھیل میں مزید جوش اور سنسنی بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئی فرنچائزز کا یہ اضافہ آزاد جموں و کشمیر کے باصلاحیت مقامی کھلاڑیوں کی تعداد میں اضافہ کرے گا۔

اس سے معاشی سرگرمیاں مزید بڑھیں گی ،کھیلوں کی ثقافت کو فروغ ملے گا اور خطے میں سیاحت میں بھی اضافہ ہوگا۔اس موقع پر کے پی ایل کے سی او او تیمور علی خان کی نظامت میں ”کشمیر ٹی 20۔ کے پی ایل کی طرف سے ایک فیڈر لیگ” کے عنوان سے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔

جنوبی افریقہ کے مایہ ناز کرکٹر ہرشل گبز، سیکرٹری برائے کھیل و سیاحت آزاد جموں و کشمیر منصور قادر ڈار ،صدر کے پی ایل عارف ملک ، چیئرمین کے پی ایل ارشد خٹک کے پی ایل سی او او چوہدری شہزاد اختراس سیشن کے مہماناں خصوصی تھے۔ کانفرنس کے شرکاء نے ڈومیسٹک لیگ کی ضرورت اور اس کے فروغ کے لئے اقدامات، کے ٹی 20 کا مستقبل کا نقطہ نظر، آزاد جموں و کشمیر کے مقامی کھلاڑیوں کے لیے مواقع میں اضافہ،

خطے میں کھیلوں کی ثقافت کی ترقی، مقامی چیلنجز کا خاتمہ، اور سرمایہ کاروں اور سیاحت کی صنعت کے لیے مواقعوں پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔انہوں نے کے پی یل کے کشمیر ٹی20 اس اقدام کو سراہا جیسے مقامی ٹیلنٹ کو متعارف کرانے ، ان کی صلاحیتوں کو بڑھانے اور انہیں بین الاقوامی معیار کے کھلاڑی بنانے کے لیے شروع کیا گیا۔

انہوں نے اسے ایک ڈومیسٹک لیگ بنانے کا اعادہ کیا جو کشمیر کے علاقے کے لوگوں کے طرز زندگی میں اضافہ کے علاوہ کھلاڑیوں کی زندگیوں پر براہ راست اثر ڈالے گی۔ شائقین ہرشل گبز کے ساتھ مہمان خصوصی کے طور پر پروگرام "کھیلو آزادی سے” میں شرکت کے لیے بہت پرجوش دکھائی دیئے ۔ پروگرام کی میزبان ثریا خان نے ہرشل گبز سے ان کی زندگی، کیریئر کے مختلف پہلو ئوں اور کے پی ایل سیزن 1 میں اہم کردار ادا کرنے کے بارے میں سوال کیا۔

ہرشل گبز نے شو میں موجود سامعین کی طرف سے پوچھے گئے متعدد سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ بعدازاں شرکاء نے ہرشل گبز کے ساتھ بھی براہ راست بات چیت کی جنہوں نے انہیں اپنے دستخط شدہ بلے اور گیند کے ساتھ تحفہ دیا۔کشمیر گیلری کے شرکاء نے کشمیر پریمیئر لیگ کی انتظامیہ اور آزاد جموں و کشمیر حکومت کے عہدیداران کے ساتھ بھی گفتگو کی۔

کشمیری تارکین وطن کے پی ایل اور کشمیرٹی20کے بارے میں مزید جاننے کے لیے بہت بے چین تھے۔ کشمیر گیلری کے مہمانوں نے کے پی ایل اور کشمیرٹی20 کیلئے اپنی محبت اور جذبات کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ لیگز نہ صرف توانائی سے بھرپور تفریح فراہم کریں گی بلکہ کشمیر کی شان وشوکت کے ساتھ کشمیر کے پرامن اور ہم آہنگی کے تشخص کو بھی بہتر بنائیں گی۔میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد کی موجودگی نے پاکستان پویلین میں کشمیر گیلری کے کے پی ایل سیکشن میں منعقد ہونے والی تقریبات کی اہمیت کو بڑھا دیا۔