دبئی میں جاری گلف فوڈ مینوفیکچرنگ میں خریدار اور سرمایہ کار گہری دلچسپی لے رہے ہیں، شاہد عمران

127
دبئی میں جاری گلف فوڈ مینوفیکچرنگ میں خریدار اور سرمایہ کار گہری دلچسپی لے رہے ہیں، شاہد عمران

لاہور۔7نومبر (اے پی پی):دبئی ورلڈ ٹریڈ سنٹر میں جاری گلف فوڈ مینوفیکچرنگ 2024کے 10ویں ایڈیشن میں پاکستان پویلین بڑی تعداد میں بین الاقوامی خریداروں اور سرمایہ کاروں کو راغب کر رہا ہے۔

دبئی سے جمعرات کو موصول ہونے والے ایک بیان کے مطابق ایف پی سی سی آئی کی ریجنل کمیٹی برائے فوڈ اینڈ سنیکس کے کنوینر شاہد عمران 5نومبر سے شروع ہونے والی 3روزہ ایکسپو میں شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی سالانہ فوڈ ایکسپو غذائی مصنوعات کی نمائش، نیٹ ورکنگ اور بین الاقوامی تجارتی روابط قائم کرنے کیلئے ایک بڑا پلیٹ فارم ہے،

نمائش میں شرکت کا مقصد مقامی طور پر تیار کی جانے والی اشیا کے معیار اور تنوع کو متعارف کروا کر پاکستان کی فوڈ اینڈ سنیکس انڈسٹری کو فروغ دینا، نئے برآمدی مواقع کی تلاش، ممکنہ سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقاتیں کرنا اور بین الاقوامی ہم منصبوں کے ساتھ کاروباری روابط کو مضبوط کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دورہ عالمی منڈی میں پاکستان کے فوڈ سیکٹر کی مسابقت بڑھانے، جدت کے فروغ اور صنعت میں پائیدار ترقی کیلئے ایف پی سی سی آئی کے عزم کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ پاکستانی فوڈ برانڈز کو دنیا بھر میں متعارف کروانے، برآمدات کے فروغ اور اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہو گا۔