دبئی ۔6نومبر (اے پی پی):دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے بدھ کو دبئی اسپورٹس کونسل میں عرب کلاسک دبئی 2024 بیس بال ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر بیس بال یونائیٹڈ کے چیئرمین اور سی ای او کاش شیخ سمیت دیگر معزز شخصیات اور معروف بیس بال کھلاڑی بھی موجود تھے ۔یہ ٹورنامنٹ خطے میں اس کھیل کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کے لیے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔عرب کلاسک دبئی 2024 ٹورنامنٹ 10 نومبر تک جاری رہے گا جس میں پاکستان کی بیس بال ٹیم سمیت آٹھ دیگر ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
پاکستان کی ٹیم کا مقابلہ جمعہ 8 نومبر کو بھارت سے ہو گا۔قونصل جنرل نے کہا کہ یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں بیس بال کی ترویج کا حصہ بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ عوامی روابط کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔