دبئی ۔16جون (اے پی پی):دبئی میں پاکستان بزنس کونسل کی جانب سے وزیر مملکت برائے غیرملکی تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی کے ساتھ دوسرا تجارتی سیشن منعقد کیا گیا ۔ اس میں نئے کاروباری مواقع ، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے اور ایکسپو 2020 کے مواقع سے فائدہ اٹھانے پر تبادلہ خیال ہوا ۔ امارات نیوز ایجنسی کے مطابق وزیر سے ملاقات کرنے والوں میں متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر افضال محمود کے ہمراہ امارات میں مقیم متعدد پاکستانی مرد و خواتین کاروباری شخصیات شامل تھیں ۔
ڈاکٹر الزیودی کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی کاروباری برادری کو مکمل معاونت کی فراہمی اور متحدہ عرب امارات کی مارکیٹ میں موجود کاروباری اور انٹرپرینورشپ کے مواقع سے انہیں فائدہ اٹھانے میں مدد دلانے کیلئے تیار ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں گہرے دوطرفہ تعلقات ہیں اور ان کی ایک وسیع تاریخ ہے جو اعتماد و احترام پر مبنی ہے ۔ مشکل عالمی حالات میں بھی دونوں کی باہمی تجارت میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے 25 اہم سٹریٹجک عالمی تجارتی شرکت دار ممالک میں پاکستان شامل ہے ، دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے اہم شعبوں جیسا کہ رئیل اسٹیٹ میں قابل ذکر سرمایہ کاری کررکھی ہے ،
متحدہ عرب امارات کی جانب سے حال ہی میں ملک کے اندر سو فیصد غیرملکی ملکیت کے قانون کے اجراء نے اقتصادی سرگرمیوں کو تحریک دی اور دنیا بھر کی کاروباری برادری نے اسے سراہا ہے ۔ پاکستان بزنس کونسل اور اماراتی وزیر کے درمیان اپنی نوعیت کی ایسی پہلی ملاقات مئی 2021 کے پہلے ہفتے میں ہوئی تھی جس میں کئی کاروباری مواقع کے ساتھ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال ہوا تھا ۔ اس موقع پر ایک قرارداد کامیابی سے منظور ہوئی تھی جس میں دونوں ممالک کے موجودہ سالانہ تجارتی حجم 30 ارب درہم ( 2019ء میں 19ء8 ارب ڈالر) کو آئیندہ پانچ برس میں دگنا کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا تھا –
پاکستانی سفیر نے ایکسپو 2020 کے میگا ایونٹ کے مواقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی معیشت ایک دوسرے کو تقویت دیتی ہیں ، دیکھنا یہ ہے کہ ویلیو ایڈڈ مواقع سے کیسے فائدہ اٹھایا جائے اور ایک دوسرے کی حمایت کی جائے ، حکومت پاکستان نے غیرملکی کاروباری برادری کو ترغیب دینے کیلئے کئی اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے جن کا تعلق سیاحت ، زارعت ، فیشن اور میزبانی سے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ، ایکسپو 2020 دبئی میں بھرپور شرکت کرے گا اور اس کا موضوع ” پاکستان ، ایک پوشیدہ خزانہ ” ہوگا ،
پاکستان کی دعوت ہے وہاں آئیں اور دیکھیں کہ وہاں تاریخ ، ثقافت ، زراعت ، سیاحت ، میزبانی کے کتنے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو 2020 میں پاکستانی کاروباری برادری کو بھرپور شرکت کی دعوت بھی دی جارہی ہے ۔ پاکستان بزنس کونسل کے صدر احمد شیخانی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو باہمی تعلقات مزید مستحکم کرنے کے کئی وسیع مواقع حاصل ہیں ، زرعی ٹیک ، صحت ، بھلائی ، مینوفکچرنگ ، لاجسٹکس ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور فوڈ سکیورٹی کے شعبوں میں دونوں اقوام مل کر بہت کام کرسکتی ہیں ، پاکستان کو زراعت کے شعبے میں جو گرانقدر تجربہ اور مہارت حاصل ہے اس سے اماراتی شراکت دار مستفید ہوسکتے ہیں۔