دبئی۔4اکتوبر (اے پی پی):دبئی میں پیدا ہونے والے تمام بچوں کو لرنر پاسپورٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق نالج اینڈ ہیومن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ایچ ڈی اے) نے اعلان کیا کہ اب دبئی میں ہر نوزائیدہ کواس کے تعلیمی ریکارڈ کو مرتب کرنے اور والدین کو اپنے بچوں کی تعلیم کے بارے میں باخبر فیصلے کرنے میں مددفراہم کرنے کے لیے ایک لرنر پاسپورٹ جاری کیا جائے گا۔
یہ نظام دبئی ہیلتھ اتھارٹی کے تعاون سے نافذ کیا جائے گا کے ایچ ڈی اے کی ڈائریکٹر جنرل عائشہ میراں نے کہا کہ لرننگ پاسپورٹ کا مقصد ہر بچے کے تعلیم کے حق کی ضمانت دینا ہے۔ یہ لازمی سکول کی عمر کے بچوں کو رجسٹر کرے گا اور ان کی نگرانی کرے گا تاکہ سکولوں میں داخلے کو یقینی بنایا جا سکے اور اس بات کو بھی یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم دبئی میں تمام بچوں کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ تعلیمی نظام میں داخل ہیں۔جب ایک بچہ پیدا ہوتا ہے، تو اسے سسٹم میں داخل کیا جاتا ہے تاکہ ہم دستیاب تعلیمی مراحل کو واضح طور پر سمجھ سکیں۔ اور ہم اس مقصد کے لئے کم عمر بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے دستیاب سکولوں بارے معلومات فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی بچپن کے مراکز میں اماراتی بچوں کے اندراج کی شرح عالمی اوسط سے کم ہے، جو ان کی ترقی اور تعلیمی کامیابی کو متاثر کرتی ہے۔سائنسی مطالعات نے ثابت کیا ہے کہ ایک بچے کے دماغ کا 90 فیصد پیدائش سے پانچ سال کی عمر تک نشوونما پاتا ہے،اس لئے پیدائش سے پانچ سال کی عمر ترقی کا ایک اہم مرحلہ ہے جو ان کی مستقبل کی تعلیمی کارکردگی کو متاثر کرتا ہے ۔
مزید برآں، لرننگ پاسپورٹ والدین کو دستیاب تعلیمی آپشنز بارے جامع معلومات فراہم کرنے کی کوشش کرتا ہے، جس سے ان کو اپنے بچوں کی تعلیم کے بارے میں باخبر فیصلے کرنے میں مدد ملتی ہے۔