دبئی۔27اگست (اے پی پی):دبئی چیمبر آف کامرس نے اپنی ششماہی رپورٹ میں بتایا ہے کہ جنوری سے جون 2025 کے دوران بھارت سے 9,038 نئی کمپنیاں جبکہ پاکستان کی4,281 نئی کمپنیاں دبئی چیمبر کی رکن بنی ہیں۔امارات نیوز ایجنسی وام کی رپورٹ کے مطابق دبئی چیمبر کی رکن بننے والی بھارتی کمپنیوں میں چھ ماہ کے دوران 14.9 فیصد اور پاکستانی کمپنیوں میں 8.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اس حوالے سے مصر تیسرے نمبر پر رہا، جہاں سے 2,540 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، اور یہ تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں 8.3 فیصد زیادہ ہے۔بنگلہ دیشی کمپنیوں نے سب سے زیادہ ترقی کی شرح حاصل کی۔ رپورٹ کے مطابق، سال کی پہلی ششماہی میں 1,541 بنگلہ دیشی کمپنیوں نے دبئی چیمبر میں رجسٹریشن کروائی، جو 37.5 فیصد سالانہ اضافہ ہے۔
اس نمایاں پیش رفت کے بعد بنگلہ دیش فہرست میں چوتھے نمبر پر رہا۔ برطانیہ پانچویں نمبر پر رہا جہاں سے 1,385 کمپنیوں نے شمولیت اختیار کی، جو 11.1 فیصد سالانہ اضافہ ظاہر کرتی ہے۔اعداد وشمار کے مطابق، شام چھٹے نمبر پر رہا جہاں سے 945 کمپنیوں نے رجسٹریشن کرائی۔ چین ساتویں نمبر پر رہا، جس سے 772 نئی کمپنیاں شامل ہوئیں، اور یہ 3.8 فیصد سالانہ اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ آٹھویں نمبر پر اردن رہا جس سے 688 کمپنیوں نے رجسٹریشن کی۔ترکی نے نویں پوزیشن حاصل کی، جہاں سے 642 نئی کمپنیاں شامل ہوئیں، اور یہ 3.9 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
جبکہ کینیڈا دسویں نمبر پر رہا جہاں سے 535 کمپنیوں نے رکنیت حاصل کی۔شعبہ جاتی تقسیم کے لحاظ سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ نئے اراکین میں سب سے زیادہ سرگرمیاں تھوک و پرچون تجارت اور ریئل اسٹیٹ، کرایہ داری اور بزنس سروسز کے شعبوں میں رہیں، دونوں کا حصہ 35 فیصد رہا۔اس کے بعد تعمیراتی شعبے کا حصہ 17.3 فیصد رہا، جبکہ ٹرانسپورٹ، اسٹوریج و کمیونیکیشنز اور سماجی و ذاتی خدمات کے شعبوں کا حصہ 7.6 فیصد فی کس رہا۔