درجنوں جنگلی جانوروں کی جلووائلڈ لائف پارک سے سفاری زو بحفاظت منتقلی کا عمل مکمل

125
درجنوں جنگلی جانوروں کی جلووائلڈ لائف پارک سے سفاری زو بحفاظت منتقلی کا عمل مکمل

لاہور۔12فروری (اے پی پی):سیکرٹری جنگلات،جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب مدثر وحید ملک کی ہدایت پر محکمہ ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مبین الہی کی زیر قیادت صوبہ میں جانوروں کے تحفظ پربھرپور توجہ دے رہا ہے اور اسی تناظر میں محکمہ نے گزشتہ چند دنوں کے دوران انتہائی احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے بومہ تیکنیک اور ٹرینکولائزر کے ذریعے 34جنگلی جانوروں کو جلو وائلڈ لائف پارک سے سفاری زو رائیونڈ روڈ بحفاظت منتقل کیا۔

تفصیل کے مطابق محکمہ کے زیر انتظام سفاری زو رائیونڈ روڈ لاہور میں جاری حالیہ اپ گریڈیشن کے منصوبہ کی تکمیل کے مرحلے پر جلو وائلڈ لائف پارک لاہور سے بعض نایاب جنگلی جانوروں کی منتقلی مطلوب تھی جس کیلئے جلو وائلڈ لائف پارک کے ویٹرنری ڈاکٹر محمد امجد کی نگرانی میں 34جنگلی جانوروں کو بومہ تیکنیک اور ٹرینکولائزنگ کا عمل اختیار کرکے بحفاظت سفاری زو رائیونڈ لاہور منتقل کیا گیا۔

منتقل کئے جانیوالے ان نایاب جنگلی جانوروں میں 10چیتل ہرن،08 سامبڑ،07 فیلو ڈیئر،03 اڑیال،03 پاڑہ ہرن اور 03 کدو شامل ہیں۔ڈاکٹر محمد امجد نے بتایا کہ جنگلی جانوروں کی ٹرانسپورٹیشن /منتقلی حساس نوعیت کا کام ہے جسے انتہائی پیشہ ورانہ طور طریقوں سے اختیار کیا جاتا ہے تا کہ جنگلی جانوروں،سٹاف اور ادارے کو نقصان سے محفوظ رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بومہ تیکنیک سے جانوروں کو مخصوص آلات نصب کرکے ہانک کر مقید کرکے ٹرانسپورٹ کیا جاتا ہے یا انہیں پکڑ کر گاڑی میں لوڈ کیا جاتا ہے جبکہ ٹرینکو لائزنگ کے عمل سے جانوروں کو مدہوش کرکے گاڑیوں میں منتقل کیا جاتا ہے۔جانوروں کی منتقلی اور ٹرانسپورٹیشن کے عمل میں انتہائی احتیاط درکار ہوتی ہے جس کیلئے پیشہ ورانہ انداز اختیار کیا جاتا ہے۔یاد رہے کہ اس عمل میں جانوروں کے سلوک کا بھرپور مشاہدہ کیا جاتا ہے اور آئندہ کیلئے احتیاطی تدابیر مرتب کی جاتی ہیں۔