پشین۔12مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی وماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ درخت لگانا ہمارا قومی فریضہ ہے اور ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کی بھلائی کیلئے اس مہم میں بھرپور حصہ لینا چاہیے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بند خوشدل خان پشین میں ترقی فاونڈیشن کے تعاون سے سونامی ٹری پلانٹیشین کے میگا منصوبے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا اس موقع پر صوبائی سیکرٹری صدیق مندوخیل، ترقی فاونڈیشن کے صدر اللہ داد لونی، چیف ایگزیکٹیو امجد رشید، چیف کنزرویٹر فارسٹ بلوچستان عبدالجبار، پی پی ایف کے طاہرملک، سونامی ٹری پلانٹیشن پراجیکٹ کے ڈائریکٹر علی عمران، پراجیکٹ ڈائریکٹر محکمہ جنگلات نیازکاکڑ، ڈپٹی کمشنر پشین قائم لاشاری اور دیگر نے بھی خطاب کیا، تقریب میں مختلف اعلی سرکاری آفیسران، غیر سرکاری اور شراکتی اداروں کے حکام، قبائیلی معتبرین اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ آلہ وسلم کی سنت ہے انہوں نے کہاکہ ہمیں چاہیے کہ اس سنت پر عمل کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں، انہوں نے کہا کہ ترقی فاونڈیشن کے تحت بندخوشدل خان میں ابتدائی مرحلے میں پچاس ایکڑ کے رقبے پر 38 ہزار درخت لگائے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی اور ہر شہری بڑھ جڑھ کر اس مہم کا حصہ بنے کیونکہ اس وقت پاکستان کو سب سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ اور انسانی زندگی کی بقاءکیلئے انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر موسمیاتی تغیرات دنیا پر انسانی زندگی کیلئے ایک بڑا چیلنج ہیں جسکا واحد حل جنگلات اور درختوں کا فروغ ہے اور آنے والی نسلوں کیلئے آج ہی سے سوچ کر اس چیلنج پر قابو پانا انتہائی ضروری ہے۔
تقریب کے دوران سونامی ٹری پلانٹیشن منصوبے کے تحت مہمان خصوصی نے پودا لگا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا جبکہ ضلع پشین میں شروع کردہ مہم میں کے دوران ترقی فاونڈیش، محکمہ جنگلات و جنگلی حیات اورسول سوسائٹی نے حصہ لیا۔اس موقع پر میں سونامی ٹری پلانٹیشن کی سرگرمیوں اور اعدادوشمار کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پشین میں وزیراعظم کے وژن کے تحت 38ہزار پودے لگانے کا ہدف پورا کیا جائے گا،انہوں نے بتایا کہ کہ ماضی میں ملک بھر میں بلین ٹری کا 5سالہ منصوبہ شروع کیا گیا تھا جو 22ارب کا منصوبہ تھا اور وہ اللہ کے فضل وکرم سے 3سال کے دوران 14ارب روپے میں مکمل ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اب اس منصوبے کے ثمرات آنا شروع ہوچکے ہیں اور اس منصوبے کے تناظر میں وزیراعظم عمران خان کے وڑن کے مطابق پورے ملک میں 10بلین ٹری کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے جس کو جلد مکمل کیا جائے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنگلات وجنگلی حیات محمدصدیق مندوخیل نے کہا کہ درخت لگانا ہمارا قومی فریضہ ہے اور ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کی بھلائی کیلئے اس مہم میں حصہ لینا چاہیے۔