لاہور۔22جولائی (اے پی پی):ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ دریائوں کے قریبی اضلاع میں سیلابی خطرے کے پیشِ نظر انتظامات مکمل ہیں، پنجاب کے تمام دریا ئوں اور بیراجز میں پانی کا بہا ئو نارمل سطح پر ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح55 فیصد اور تربیلا میں68 فیصد ہے جبکہ دریائے ستلج،بیاس اور راوی پر قائم بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح37 فیصد تک ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز شمال مشرقی پنجاب کے علاقوں میں موسلا دھار بارش ریکارڈ ہو ئی تاہم ولنرایبل اضلاع میں سیلابی خطرے کے پیشِ نظر انتظامات مکمل ہیں،پی ڈی ایم اے کنٹرول روم اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز24/7 صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ عوام موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں،خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں،بجلی کی تاروں اور کھمبوں کو چھونے سے اجتناب کریں اور ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن1129 پر کال کریں۔