دریائے راوی، چناب سے متصل نالوں اور دریائے ستلج و بیاس میں طغیانی کے امکانات ہیں، ڈی جی پی ڈی ایم اے

116

لاہور۔15اگست (اے پی پی):پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کے ڈی جی عمران قریشی نے کہا ہے کہ دریائے راوی اور چناب سے متصل نالوں اور دریائے ستلج اور بیاس میں طغیانی کے امکانات ہیں۔

منگل کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت میں دریائے ستلج اور بیاس پر بنائے گئے ڈیمز تقریبا بھر چکے ہیں، ان دونوں دریائوں کے بالائی علاقوں میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں طوفانی بارشوں کے امکانات ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مون سون بارشوں کا سلسلہ 23 اگست تک جاری رہ سکتا ہے،

ان حالات کی وجہ سے گنڈا سنگھ والا اور زیریں علاقوں میں طغیانی کے امکانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژنل کمشنرز اور متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا، انہیں کہا گیا ہے کہ بارشوں اور بھارتی ڈیموں کی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے متعلقہ اداروں کو چوکس رہنا ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم میں موجود افسران کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام صورت حال پر نظر رکھیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں کوآرڈینیشن میں ایک لمحے کی تاخیر نہ کریں۔ دوسری جانب ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے بھی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔