دریائے ستلج میں درمیانے درجے کے سیلاب میں کمی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا ہے، این ڈی ایم اے

135

اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):دریائے ستلج میں درمیانے درجے کے سیلاب میں کمی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے کی مون سون اپ ڈیٹ کے مطابق گنڈا سنگھ والا، اسلام اور سلیمانکی کے مقام پر دریائے ستلج میں درمیانے درجے کے سیلاب میں کمی کا رجحان ہے، سیلابی صورتحال سے جن اضلاع کو خطرہ ہے ان میں قصور، اوکاڑہ، بہاولنگر، پاکپتن اور وہاڑی شامل ہیں۔

این ڈی ایم اے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ پنجاب پی ڈی ایم دریائے ستلج پر جی ایس والا، سلیمانکی اور اسلام کے نشیبی علاقوں کی آبادی کو بروقت پیشگی انتباہ اور خطرے سے دوچار افراد کے انخلاء کو یقینی بنائے اور کیمپوں میں بے گھر لوگوں کو طبی دیکھ بھال اور امدادی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنائی جائے۔ علاوہ ازیں حساس علاقوں کی جانب ٹریفک کی منظم نگرانی کی جائے، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مشینری تیار رکھیں، نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر لوگ کی نقل مکانی کیلئے انتظامات کیے جائیں۔