دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، ریجنل ایمرجنسی آفیسرگوجرانوالہ

200
ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ ڈویژن سید کمال عابد
دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، ریجنل ایمرجنسی آفیسرگوجرانوالہ

سیالکوٹ۔ 28 اگست (اے پی پی):ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ ڈویژن سید کمال عابد نے کہا ہے کہ دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر گوجرانوالہ ڈویژن کی ریسکیو ٹیموں کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، اب تک 10ہزار سے زائد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔ ترجمان ریسکیو کے مطابق دریائے ستلج میں پانی کی سطح بلند ہونے کہ بعد ضلع قصور اور اوکاڑہ کے گرد و نواح میں سیلابی صورتحال ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سیکرٹری، بانی ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایات پر ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ سید کمال عابد کی زیر نگرانی ڈویژن گوجرانوالہ سے ضلع سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات اور نارووال کی ریسکیو ٹیمیں ضلع قصور جبکہ حافظ آباد سے ریسکیو ٹیمیں ضلع اوکاڑہ میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔

ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسرز کی قیادت میں ڈویژن بھر سے 28 ریسکیو کشتیاں بمعہ سازو سامان اور 80 ریسکیورز سیلابی صورتحال کے بعد ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ سید کمال عابد نے بتایا ڈویژن گوجرانوالہ کی ریسکیو ٹیموں نے سیلابی علاقوں میں پھنسے تقریبا 10ہزار سے زائد لوگوں کو ضلع قصور سے جبکہ 700 لوگوں کو ضلع اوکاڑہ سے ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔ اس کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگوں کے جانوروں اور املاک کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے جبکہ ابھی بھی ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے۔

ریسکیورز ضلعی حکومت کے ساتھ ملکر نہ صرف ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں بلکہ ریلیف کے کاموں میں بھی مدد مہیا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں سیکرٹری، بانی ڈائریکٹر جنرل کی سرپرستی میں ریسکیو1122عوام کی حفاظت کے لیے دن رات کوشاں ہے اور حالات نارمل ہونے تک ریسکیو آپریشن جاری رہے گا۔