لاہور۔22اگست (اے پی پی):ترجمان پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کے مطابق دریائے ستلج کا سیلابی ریلا پاکپتن سمیت دیگر اضلاع کے دریا سے ملحقہ علاقوں کو لپیٹ میں لے رہا ہے، تاہم گنڈا سنگھ والا اور تلوار پوسٹ کے مقامات پر پانی کی سطح میں کمی کا رجحان ہے۔
منگل کو اپنی رپورٹ میں ترجمان پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ دریائے جہلم میں 23سے25 اگست تک ممکنہ سیلاب کی وجہ سے گجرات، جہلم، منڈی بہاالدین، سرگودھا اور خوشاب کے نشیبی علاقے زد میں آ سکتے ہیں، جھنگ، خانیوال، مظفر گڑھ اور ملتان کے نشیبی علاقوں میں بھی سیلاب کا خطرہ ہے،
متعلقہ کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ دریائی پٹی سے تجاوزات ہٹانے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے کیونکہ تجاوزات کی وجہ سے سیلاب کے نقصانات بڑھ جاتے ہیں۔