لاہور۔28اگست (اے پی پی):ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج میں طغیانی کے پیش نظر ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں۔ دریائے ستلج سے ملحقہ نشیبی علاقے 17 اگست سے سیلاب کی زد میں ہیں ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی کی ہدایت پر متاثرہ اضلاع میں 95میڈیکل کیمپ لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کررہے ہیں۔20 ایمولینس ایمرجنسی صورت حال میں امداد کے لئے ہمہ وقت موجود ہیں۔ 36 ہزار سے زائد افرادکو اب تک علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جاچکی ہیں۔
میڈیکل کے علاوہ 178ریلیف کیمپس بھی متاثرہ اضلاع میں کام کررہے ہیں۔ ایک لاکھ کے قریب افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے ۔2 لاکھ سے زائد افراد کو ایمرجنسی ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کی گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ اضلاع میں 70ہزار افراد کو پکا ہوا کھانا فراہم کیا گیا۔ڈیڑھ لاکھ مویشیوں کو بیماریوں سے بچا ؤکی ادویات اور ویکسینیشن کی گئی۔ پچیس ہزار مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔
اِس موقع پر ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کا کہنا تھا کہ سیلاب کے مکمل خاتمے تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی ۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔ ریسکیو اداروں کی کارکردگی سے مطمئن ہوں ۔سیلابی پانی میں کمی کی اطلاعات ہیں، آنے والے دنوں میں حالات بہتر ہوجائیں گے۔انتظامی افسران ہمہ وقت فیلڈ میں موجود رہیں۔