لاہور۔25اگست (اے پی پی): دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی سطح ایک بار پھر بلند ہو گئی اور درمیانے درجے کا سیلاب اونچے درجے میں بدل گیا۔ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب عمران قریشی نے جمعہ کو بتایا کہ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں سیلاب کی سطح دوبارہ اونچے درجے کی ہو گئی ہے، گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کا بہائو 1 لاکھ 22 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے جبکہ پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے
وجہ اس کی دریا کے بالائی علاقوں میں ہونے والی حالیہ بارشیں ہیں، ان بارشوں کے باعث بھارت کی طرف سے مزید پانی چھوڑے جانے کا بھی خدشہ ہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے اس صورتحال میں متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں، دریائے ستلج میں اس سے پہلے آنے والے سیلابی ریلے کے باعث ہیڈ اسلام کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کی آمد 136861 اور اخراج 135761 کیوسک ہے
جبکہ سلیمانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، ادھر ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں بھی پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے، دریائے سندھ میں تربیلا، کالاباغ اور چشمہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، تاہم دریائے چناب، راوی اور جہلم میں پانی کا بہائو نارمل ہے، تمام دریائوں، بیراجز ،ڈیمز اور نالہ جات میں پانی کے بہا ئوکی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم سے تمام تر صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=382445