36.6 C
Islamabad
منگل, مئی 13, 2025
ہومقومی خبریںدریائے ستلج کے سیلاب سے پنجاب کے 480 دیہات اور...

دریائے ستلج کے سیلاب سے پنجاب کے 480 دیہات اور موضع جات زیرِ آب

- Advertisement -

لاہور۔28اگست (اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب عمران قریشی کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج سے ملحقہ نشیبی علاقے 17 اگست سے سیلاب کی زد میں ہیں جہاں بھرپور انداز میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ پیر کو جاری رپورٹ میں بتایا گیا کہ دریائے ستلج میں طغیانی کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں 480 دیہات اور موضع جات زیرِ آب آئے ہیں، سب سے زیادہ 155 دیہات اور موضع جات ضلع بہاولنگر میں زیر آب آئے، قصور کے 93، وہاڑی کے 77، اوکاڑہ کے 76، بہاولپورکے 47 اور لودھراں کے14 دیہات و موضع جات زیر آب آئے ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے سوموار کو جاری بیان میںبتایا کہ متاثرہ اضلاع میں 95 میڈیکل کیمپ لوگوں کو طبی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں، 20 ایمبولینسز ایمرجنسی صورت حال میں امداد کے لئے ہمہ وقت موجود ہیں، 36 ہزار سے زائد افراد کو اب تک علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کی جا چکی ہیں، میڈیکل کے علاوہ 178ریلیف کیمپس بھی متاثرہ اضلاع میں کام کر رہے ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے بتایا ایک لاکھ کے قریب افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، 2 لاکھ سے زائد افراد کو ایمرجنسی ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کی گئی ہے، متاثرہ اضلاع میں 70 ہزار افراد کو پکا ہوا کھانا فراہم کیا گیا ہے، ڈیڑھ لاکھ مویشیوں کو بیماریوں سے بچائو کی ادویات اور ویکسینیشن کی گئی ہے، پچیس ہزار مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سیلاب ختم ہونے تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی، سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، وہ ریسکیو اداروں کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، سیلاب میں کمی کی اطلاعات ہیں، آنے والے دنوں میں حالات بہتر ہو جائیں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=383398

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں