لاہور۔10اگست (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے جبکہ کوٹ ادو میں دریائی کٹا ئو سے بچا ئو بند کو محفوظ کر لیا گیا ۔ ملک بھر کے دریائوں میں سیلابی صورتحال کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈ ی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ انتظامیہ نے پیشگی الرٹ کے باعث ممکنہ بستیوں کو خالی کروالیا تھا،بستی کولانگ ،بستی لاشاری اور بستی چانڈیا کے باسیوں کو ممکنہ خطرے کے پیش محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
انہوں نے کہا کہ280 گھرانوں میں تقریبا 1800 افراد مقیم ہیں،ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی کی بروقت کارروائی سے دریائی کٹائو سے بند کو بچا لیا گیا ،پی ڈی ایم اے پنجاب نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے 100 سے زائد ٹینٹ بھجوا دیئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق تمام محکمے اورکسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم اے و مقامی انتظامیہ الرٹ ہیں۔