لاہور۔27اگست (اے پی پی):دریائے چناب، ستلج اور راوی میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر پنجاب پولیس ہائی الرٹ ہے۔ترجمان کے مطابق وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ لاہور ، شیخوپورہ، ننکانہ سمیت دریائوں کے سیلاب زدہ پاٹ، متاثرہ علاقوں سے شہریوں کے انخلاکو یقینی بنا رہے ہیں، شہریوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی، ریلیف کیمپس میں سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
انہو ں نے کہا کہ پنجاب پولیس دیگر اداروں کے شانہ بشانہ شہریوں کو کھانا، صاف پانی، ادویات کی فراہمی میں بھی بھرپور تعاون فراہم کر رہی ہے۔ پی ڈی ایم اے سمیت ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ مسلسل کوارڈینیشن میں ہیں۔آر پی اوز، ڈی پی اوز، سپروائزری افسران سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں کی خود مانیٹرنگ کریں۔
آئی جی پنجاب نے کہاکہ دریائوں کے کنارے آباد دیہاتوں، آبادیوں میں پولیس کی امدادی ٹیموں کی پٹرولنگ باقاعدگی سے جاری رکھی جائے،سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ریلیف کیمپس، متاثرہ افراد کی امداد و سکیورٹی کے لئے اقدامات یقینی بنائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کے تحت عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، شہری غیر معمولی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اپنائیں، پولیس سے تعاون کریں۔