25.3 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومعلاقائی خبریںدریائے چناب اور راوی کے لئے خطرناک سیلابی صورتحال کی وارننگ جاری

دریائے چناب اور راوی کے لئے خطرناک سیلابی صورتحال کی وارننگ جاری

- Advertisement -
سیالکوٹ۔ 25 اگست (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے دریائے چناب اور دریائے راوی کے لئے اہم سیلابی وارننگ جاری کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق شمالی راجستھان پر موجود مون سون اور کشمیر و ملحقہ علاقوں میں مغربی ہوا کے امتزاج سے بالائی مشرقی دریاؤں کے متصل علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جو آئندہ دنوں میں مزید تیز ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے تازہ ترین ہائیڈرو میٹرو لوجیکل تجزیے کے مطابق بارش کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے باعث دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ، ہیڈ خانکی اور قادر آباد سمیت ملحقہ نالوں اور معاون دریاؤں میں پانی کی سطح انتہائی بلند ہو سکتی ہے۔
دریائے راوی میں پانی کی شدت کا انحصار بھارت کے مادھوپور بیراج سے ہونے والے اخراج پر ہے تاہم مادھوپور بیراج کے ڈاؤن اسٹریم اور دریائے راوی کے کیچمنٹس میں انتہائی تیز بارشوں کے باعث نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے جس سے دریائے راوی میں درمیانے سے اونچے درجے کا سیلاب آنے کا خدشہ ہے۔ مزید برآں، وقفے وقفے سے ہونے والی شدید بارشوں کے باعث لاہور، گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران شہری سیلاب (Urban Flooding) کے امکانات بھی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق بھارت کی جانب سے دریائے راوی اور دریائے ستلج کے ریزروائر پہلے ہی خطرناک سطح پر پہنچ چکے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صورتحال پر قریبی نظر رکھیں اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لئے بروقت حفاظتی اقدامات کریں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں