مظفرگڑھ۔ 16 اگست (اے پی پی):ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے مظفرگڑھ،کوٹ ادو سمیت جنوبی پنجاب کے دریائے سندھ اور دریائے چناب کے ملحقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔انہوں نے تمام متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ہدا یت کی ہے کہ وہ ڈیوٹی سٹاف کی تعداد میں اضافہ کریں اور 24 گھنٹے ڈیوٹی سٹاف کی موجودگی کو یقینی بنائیں،دریاوں کے ملحقہ علاقوں میں بروقت اطلاع کرنے کے انتظامات کریں،اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے ٹرانسپورٹ تیار رکھیں،پانی کے راستہ کی تمام رکاوٹیں دور کرکے پانی کی روانی کو یقینی بنائیں،
اہم شاہرات کو بچانے کےلئے کٹ لگانے کےلئے مشینری تیار رکھیں، ریسکیو 1122،پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ پر رکھیں،محفوظ مقامات پر ریلیف کیمپ قائم کریں،سیلاب سے بچانے والے حفاظتی بند کی مسلسل نگرانی کریں،پی ڈی ایم اے سے مسلسل رابطے میں رہیں اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کےلئے تیار اور الرٹ رہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور کوٹ ادو میں تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ دریائے چناب میں مرالہ اور خانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دریائے چناب میں آئند 24 گھنٹوں میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے،مرالہ،خانکی اور قادرآباد کے مقامات پر 2 لاکھ کیوسک فٹ سے 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک فٹ پانی گزرنے کا قوی امکان ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=494479