دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر 4 سے 7جولائی تک درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے، ترجمان

164
PDMA
PDMA

لاہور۔3جولائی (اے پی پی):دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر 4 سے 7 جولائی تک درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مرالہ کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ،جس کی بنا پر دریائے چناب سے ملحقہ اضلاع سیالکوٹ، گجرات، گجرانوالہ، منڈی بہاالدین، حافظ آباد، چنیوٹ، جھنگ، خانیوال، مظفرگڑھ، ملتان اور راجن پور کے ڈی سیز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔

دریں اثنا ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف اور ریسکیو 1122 کی ڈائزاسٹر رسپانس ٹیموں کو ہائی الرٹ رکھا جائے جبکہ ریسکیو آپریشن کے لیے پٹرول و ڈیزل کا اسٹاک بھی وافر مقدار میں ہونا چاہیے۔عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ شہریوں کو موجودہ صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے،دریائوں کے پاٹ میں موجود مکانوں اور مویشیوں کے انخلا کو یقینی بنایا جائے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ فلڈ ریلیف کیمپس میں خوراک، پینے کے صاف پانی و دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔