دریائے چناب پر پری فلڈ موک ایکسرسائز کا انعقاد

100

چنیوٹ۔ 10 جون (اے پی پی) حکومت پنجاب کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر چنیوٹ محمد ریاض کی ہدایت پردریائے چناب پر پری فلڈ موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طارق خان نیازی نے موک ایکسرسائز کا معائنہ کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لالیاں فضل عباس ، اے سی بھوانہ سید منور عباس، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122میڈم طاہرہ خان و دیگر بھی موجود تھے۔ پری فلڈ موک ایکسرسائز میں محکمہ ریسکیو 1122 سمیت سول ڈیفنس، محکمہ صحت، محکمہ لائیواسٹاک، محکمہ سوشل ویلفیئر نے حصہ لیا،موک ایکسرسائز میںریسکیو 1122کی جانب سے سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے ہوئے افراد کے ہنگامی انخلاءکا عملی مظاہرہ کیا گیا ڈوبتے ہوئے افراد کو ریسکیو کرنے، ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے اور بروقت ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کرنے کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا، تمام محکموں کی جانب سے مختلف قسم کے کیمپ لگائے گے تاکہ عوام کو بروقت اور بہتر طور پر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ریسکیو 1122 کی جانب سے ایمرجنسی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا تاکہ ممکنہ سیلاب کی صورت میں لوگوں کی بہتر طور پر رہنمائی کی جا سکے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریوینو طارق خان نیازی نے ریسکیو 1122سمیت تمام اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر کے تمام سرکاری ادارے کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ضلع چنیوٹ کے تمام ادارے ہمہ وقت تیار ہیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میڈم طاہرہ خان کی جانب سے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر مکمل بریفنگ دی گی۔ان کا کہنا تھا کہ ان فرضی مشقوں کا مقصد کشتیوں اور سیلاب میں استعمال ہونے والی مشینری کا جائزہ لینا تھا، فرضی مشقوں میں ضلع بھر کے ریسکیو آفیسرز ریسکیو اہلکاروں اور ریسکیو محافظوں نے حصہ لیا۔