ملتان۔ 30 مئی (اے پی پی):ریسکیو1122 ملتان ،سول ڈیفنس اور پولیس سمیت ضلعی محکموں کی جانب سے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے بھرپور استعدادی قوت کا مظاہرہ،ہیڈ محمد والا دریائے چناب پر پری فلڈ موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ریسکیو 1122 کے مطابق جمعرات کے روز یہاں ہیڈ محمد والا پر دریائے چناب پر ریسکیو 1122 ایمرجنسی آفیسر انجینئر محمد بلال کے زیر نگرانی پری فلڈ موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔
امدادی کار روائیوں ،فائر فائٹنگ ،ریسکیو آپریشن اور سیلاب میں پھنسے لوگوں کی نقل مکانی بارے عملی مظاہرہ کیا گیا۔لائن سرچ،بوٹ ببلنگ اور سکوبہ ڈائیونگ کے ذریعے فلڈ میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کے حوالے سے فرضی مشقیں بھی کی گئیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فیضان احمد نے موک ایکسرسائز کا جائزہ لیا اور مذکورہ محکموں کے کیمپوں کا معائنہ بھی کیا۔پری فلڈ موک ایکسرسائز کے انعقاد کا مقصد تمام محکوموں کی تیاریوں کا مکمل جائزہ لینا اور سیلاب کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا ہے۔