اسلام آباد ۔ 15 ستمبر (اے پی پی) ملک سے دستانوں کی برآمدات میں جولائی 2019ء کے دوران 17.05فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعداد وشمارکے مطابق جولائی 2019ء میں دستانوں کی برآمدات سے ملک کو ایک ارب روپے کا زرمبادلہ حاصل ہوا یہ شرح گذشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں17.05فیصد کم ہے۔ گذشتہ مالی سال کے اس عرصہ میں دستانوں کی برآمدات سے پاکستان کو ایک ارب 21کروڑ روپے کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ اس عرصہ میں چمڑے کی برآمدات میں بھی مجموعی طور پرکمی دیکھنے میں آئی ہے۔ جولائی میں ٹینڈلیدر کی برآمدات سے ملک کو2.56ارب روپے کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گذشتہ مالی سال کے اس عرصہ کے مقابلہ میں16.54فیصد کم ہے۔