اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):پاکستان کی معروف تنظیم ’’دستک ویمن رائٹس اینڈ اویئرنیس فائونڈیشن‘‘ کو عالمی سطح پر معتبر تسلیم کیے جانے والے ’’نیلسن منڈیلا-گراسا میشل انوویشن ایوارڈ 2025‘‘تنظیم کے زمرے میں سول سوسائٹی کی تنظیموں کے عالمی الائنس (سیویکس) کی جانب سے دیا گیا ہے۔ جمعہ کو جاری ایک بیان کے مطابق سیویکس کے ترجمان نے بتایا کہ یہ ایوارڈ ان نئے تخلیق کاروں کو دیا جاتا ہے جو نیلسن منڈیلا اور گراسا میشل کے وژن کو آگے بڑھاتے ہیں، ایک ایسا وژن جو عوامی طاقت اور انصاف پر یقین رکھتا ہے۔
دستک فائونڈیشن ’’کلائمیٹ جسٹس‘‘ اور ’’جینڈر جسٹس‘‘ کے نئے تصورات پیش کرتی ہے جو انسانی جذبات، دیکھ بھال اور عملی تجربات کو مرکزیت کا درجہ دیتے ہیں۔ 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد دستک فائونڈیشن نے ایک منفرد ماڈل متعارف کرایا جو روایتی طریقہ کار کی بجائے گلوبل سائوتھ کے مقامی کارکنوں کے علم اور تجربات کو پیش نظر رکھتا ہے۔ دستک فائونڈیشن کی بانی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر حرا امجد نے اس حوالے سے کہا کہ یہ ایوارڈ دراصل دیکھ بھال، اجتماعیت اور عوامی علم کی طاقت کو تسلیم کرتا ہے جو ہمارے کام کی بنیاد ہے۔ یہ اعزاز صرف ہمارا نہیں بلکہ ہر اس فرد کا ہے جو محبت اور دیکھ بھال کے ساتھ آزادی کے لیے جدوجہد کر رہا ہے۔
ایوارڈ کے حصول کے بعد دستک فائونڈیشن اب ان عالمی اداروں کی صف میں شامل ہو گئی ہے جو کلائمیٹ جسٹس کے لیے نئے تصورات پیش کر رہے ہیں۔ سیویکس کی جانب سے یہ اعزاز ان منفرد تخلیقات کے حامل افراد کو دیا جاتا ہے جو محدود وسائل کے باوجود انصاف اور انسانی حقوق کے لیے نئے راستے تلاش کرتے ہیں۔ اس ایوارڈ کا مقصد ان کی کوششوں کو عالمی سطح پر نمایاں کرنا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603495