31.6 C
Islamabad
جمعرات, مئی 22, 2025
ہومتازہ تریندشمن ہماری تاریخ سے ناواقف ہے، جب قربانی کا وقت آتا ہے...

دشمن ہماری تاریخ سے ناواقف ہے، جب قربانی کا وقت آتا ہے تو پاکستانی بچوں کی داستانیں بھی سنہری حروف میں لکھی جاتی ہیں، بھارت کی چھپ کر کی گئی کارروائیوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، عطاء اللہ تارڑ

- Advertisement -

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں سکول بس پر دشمن کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن ہماری تاریخ سے ناواقف ہے، جب قربانی کا وقت آتا ہے تو پاکستانی بچوں کی داستانیں بھی سنہری حروف میں لکھی جاتی ہیں، قوم متحد ہے، بھارت کی چھپ کر کی گئی کارروائیوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

بدھ کو قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ قوم نے بہادری اور دلیری کے ساتھ افواج پاکستان کا ساتھ دیا، دشمن کو شکست فاش دینے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج دشمن نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں سکول بس پر بزدلانہ حملہ کیا جس میں معصوم بچوں کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ہماری تاریخ سے ناواقف ہے، جب قربانی کا وقت آتا ہے تو پاکستانی بچوں کی داستانیں بھی سنہری حروف میں لکھی جاتی ہیں۔

- Advertisement -

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ دشمن میں یہ طاقت اور جرات نہیں کہ وہ روایتی جنگ میں پاکستان کو شکست دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے روایتی جنگ میں بھارت کو دھول چٹائی، اب دشمن پراکسیز کے ذریعے ملک پر حملہ آور ہے، بالخصوص بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کی فنڈنگ اور سپورٹ کے ذریعے دہشت گردی کے واقعات کروائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے روایتی جنگ میں کوئی کامیابی حاصل نہیں کی، اسے تاریخ کی بدترین شکست ہوئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی قوم متحد ہے، فتنہ الخوارج کوئی مسئلہ نہیں ہے، ہم نے تو بھارت کی ایئر بیسز، براہموس اور رافیلز طیاروں کو مار گرایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایوان بچوں پر حملے کی بھرپور مذمت کرتا ہے، پوری پاکستانی قوم بھارت کی پراکسیز کو جلد شکست دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹولیوں میں پھرنے والے دہشت گردوں کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد گروہ اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ بچوں کو نشانہ بنا کر وہ قوم کو کمزور کر سکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جب تک ایک ایک دہشت گرد کو جہنم واصل نہیں کیا جاتا، چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج پیش آنے والے واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ کچھ بچے آئی سی یو میں زیر علاج ہیں، انہوں نے زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ آخر میں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھارت کی چھپ کر کی گئی کارروائیوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599575

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں