اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):وزیراعظم محمدشہبازشریف نے سال نوکے آغاز پر معاشی صورتحال کی بہتری، سیلاب زدگان کی بحالی، دہشتگردی کے خاتمے اور عوام کی تکلیفوں میں کمی کیلئے شبانہ روز محنت کاعہد کرتے ہوئے کہاہے کہ ہم سب کو مل کر پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور امن و آشتی کا گہوارہ بنانا ہے، دعا ہے کہ نیا سال پاکستان سمیت پوری دنیا سے بھوک، جنگ، دہشتگردی، جرم، فرقہ واریت اور طبقاتی تقسیم کے خاتمے کا سال ثابت ہو۔ وزیراعظم نے یہ بات نئے سال کے آغاز پراپنے پیغام میں کہی ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ نئے سال کے آغاز پروہ پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ان کی دعاہیں کہ کہ 2023 کا سورج ہمارے ملک پاکستان کیلئے ترقی اور خوشحالی کی خوشخبری لے کر طلوع ہو،نئے سال میں ہماری انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں گزشتہ سال کی غلطیوں کو سدھار کر ایک نئی شروعات ہو جس میں ہم ماضی کے غموں کو بھلا کر ایک نئے اور روشن مستقبل کا آغاز کریں۔ وزیراعظم نے کہاکہ ان کی یہ بھی دعا ہے کہ 2022 میں دنیا کو جن معاشی، سیاسی اور امن و امان کے بحرانوں کا سامنا رہا، نئے سال میں ان پر قابو پانے کیلئے مثبت پیش رفت ہو، نیا سال پاکستان سمیت پوری دنیا سے بھوک، جنگ، دھشتگردی، جرم، فرقہ واریت اور طبقاتی تقسیم کے خاتمے کا سال ثابت ہو۔
وزیراعظم نے کہاکہ گزشتہ سال وطنِ عزیز کو متعدد مشکلات کا سامنا رہا،پاکستان کی معیشت اور عوام کے وسیع تر مفاد میں جب ہم نے آئینی راستہ اپناتے ہوئے حکومت سنبھالی تو ملک میں آئینی بحران اور افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے اتحادی حکومت نے ملکی سلامتی کیلئے اپنی سیاست قربان کرتے ہوئے حالات پر قابو پانے کیلئے شبانہ روز محنت کی اور اللہ کے فضل و کرم سے ہم اس میں کافی حد تک کامیاب ہوئے۔
وزیراعظم نے کہاکہ اسی دوران موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ملک میں بدترین سیلابی صورتحال پیدا ہوئی جس سے سینکڑوں لوگ لقمہ اجل بنے، ہزاروں زخمی ہوئے، مجموعی طور پر 3 کروڑ سے زائد لوگ اس سے متاثر ہوئے اور مالی اعتبار سے پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، سیلاب زدگان کی مدد کی نگرانی میں نے خود بطور خادمِ پاکستان کی اور غموں میں گھرے لوگوں کے پاس جا کر ان کے درد کو کم کرنے کی کوشش کی۔ مجھ سمیت اتحادی حکومت کے ہر عہدیدار نے دنیا کے کونے کونے میں سیلاب زدگان کی پکار پہنچائی ۔
وزیراعظم نے کہاکہ وہ نئے سال کا آغاز پاکستان کی معاشی صورتحال کی بہتری، سیلاب زدگان کی بحالی، دہشتگردی کے خاتمے اور عوام کی تکلیفوں میں کمی کیلئے شبانہ روز محنت کے عہد سے کر رہے ہیں ، 2023 میں ہم سب کو مل کر پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور امن و آشتی کا گہوارہ بنانا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ آئیں، نئے سال کے آغاز میں ہم یہ وعدہ کریں کہ اس ملک کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، یہ ملک ہماری پرکھوں کی امانت ہے، ہم اس کی حفاظت اور تعمیر و ترقی میں اپنا خون پسینہ ایک کریں گے۔ پاکستان پائندہ باد.