راولپنڈی۔ 22 مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام آل پاکستان چیمبرز صدور کانفرنس 2025 کے افتتاحی سیشن سے خطا ب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اپنی سالمیت کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتی ہے۔جس طرح دفاعی صلاحیت کا ہم نے لوہا منوایا ہے ایسے ہی ملک کومعاشی لحاظ سے بھی ناقابل تسخیر بناناہو گا۔
راولپنڈی چیمبر کی مرتب کردہ بجٹ تجاویز حکومت تک پہنچاوں گا۔ اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں پاکستان بھر سے آئے ہوئے چیمبرز صدور نمائندوں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جنگیں دولت یا تعداد سے نہیں جیتی جاتیں ، جنگ جیتنے کے لیے جذبے اور صلاحیت کی ضرورت ہوتی ہے۔انہوں نے مئی کے مہینے کو پاکستان کی تاریخ کا ایک فیصلہ کن باب قرار دیا، جس سے پاکستان کی خودمختاری کی بنیاد مضبوط ہوئی ۔
28 مئی 1998: جب دشمن نے پانچ ایٹمی دھماکے کیے تو پاکستان نے چھ دھماکوں کے ذریعے عالمی برادری کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کو ڈالروں سے خریدا نہیں جا سکتا۔وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سٹیک ہولڈرز اور چیمبر ز کو آن بورڈ لئے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں۔
فیڈرل ٹیکس محتسب ڈاکٹرآصف جاہ نے کہا کہ ٹیکس پیئرز کے حقوق کو ہر قیمت پر تحفظ دیا جائے گا۔ گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ انڈسٹرئیلازیشن سے ملک معاشی طور پر مستحکم ہو سکتا ہے۔ ایس آر اوز کا سلسلہ بند کیا جائے اور کاروبار آسان کیا جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600391