دفاعی صنعتوں کا مقامی و برآمدی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کم لاگت اور اعلیٰ ٹیکنالوجی کا سامان تیار کرنا فخر کی بات ہے، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار

67

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیردفاعی پیداوار محمد اسرار ترین نے کہا ہے کہ دفاعی صنعتوں کا مقامی اور برآمدی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کم لاگت اور اعلیٰ ٹیکنالوجی کا سامان تیار کرنا فخر کی بات ہے۔وہ نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) ہری پور کے دورہ کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے ۔ این آر ٹی سی ایک عالمی معیار کی انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی اور الیکٹرانک آلات بنانے اور سرکاری و نجی دونوں شعبوں میں حل فراہم کرنے والا ادارہ ہے۔

دورہ کے موقع پر ایم ڈی این آر ٹی سی بریگیڈیئر محمد عاصم اسحاق نے مقامی طور پر تیار کیے جانے والے بڑے مواصلاتی اور حفاظتی آلات کے بارے میں بتایا جو کہ پاکستان کی مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ ساتھ بہت سے دوست ممالک کو برآمد کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر تیار کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کو محفوظ اور سمارٹ سٹی منصوبوں کے لیے تیار کی جانے والی جدید ترین ٹیکنالوجیز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار نے کمرشل اور ملٹری الیکٹرانک/مواصلاتی آلات کو معیاری بنانے کے لیے سٹیٹ آف دی آرٹ ٹیسٹنگ لیبز کا افتتاح کیا۔

وزیر نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا اور الیکٹرانک آلات کی مقامی تیاری کے لیے ٹیکنالوجی میں ترقی اور این آر ٹی سی کی صلاحیتوں میں توسیع کے لئے انجینئرز کے کردار اور بھرپور کوششوں کو سراہا ۔