لاہور۔12اکتوبر (اے پی پی):نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں دفاعی چمپئن خیبر پختونخوا نے ناردرن کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے، خیبرپختونخوا نے 157 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، افتخار احمد کی 17 گیندوں پر 45 رنز کی اننگز نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔منگل کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گیے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں ناردرن کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنا سکی۔
ذیشان ملک 29، ناصر نواز 27 اور کپتان عمر امین22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ خیبرپختونخوا کے باولر ارشد اقبال نے تین وکٹیں حاصل کیں۔157 رنز کے مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں خیبر پختونوخوا کے ان فارم بیٹر صاحبزادہ فرحان نے 39 گیندوں پر 135.9 کے اسٹرائیک ریٹ سے 53 رنز سکور کرکے اپنی ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔صاحبزادہ فرحان کی اننگز کی میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا
۔ان کے پویلین واپس لوٹنے پر کامران غلام نے دفاعی چمپئن کی کمان سنبھالی اور 120 کے اسٹرائیک ریٹ سے 35 رنز بنائے مگر افتخار احمد کی 45 رنز کی دھواں دھار اننگز نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔انہوں نے 4 چوکے اور 3 چھکے لگا کر کے پی کو فائنل میں پہنچا دیا۔ مڈل آرڈر بیٹر افتخار احمد نے جارحانہ بیٹنگ کرکے خیبر پختونوخواہ کو جیت سے ہمکنار کردیا۔افتخار احمد نے زمان خان کو ایک اوور میں دو چھکے جڑ کر کے پی کو فتح کے قریب پہنچایا۔ اس موقع پر کے پی کو جیت کے لیے 18 گیندوں پر 40 رنز درکار تھے۔انہوں نے 17 گیندوں پر 4 چوکے اور 3 چھکے داغ کر 45 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
اس سے قبل ناردرن نے خیبر پختونوخوا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ناردرن کے ابتدائی چاروں بیٹرز نے قدرے محتاط کھیل پیش کیا، جس کی وجہ سے انہیں اسکور بورڈ پر بڑا مجموعہ سجانے میں کامیابی نہ مل سکی۔ناصر نواز اور علی عمران نے ناردرن کو 48 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ناصر نواز نے 5 چوکوں کی مدد سے 27 جبکہ علی عمران نے 4 چوکوں کی بدولت 24 رنز کی اننگز کھیلی۔اس کے بعد ذیشان ملک نے عمر امین کے ہمراہ رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا تاہم وہ بھی رنز کی رفتار کو تیز نہ کرسکے۔
ذیشان ملک نے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 29 جبکہ عمر امین 22 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ان کی اننگز میں 2 چھکے شامل تھے۔ناردرن نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔سہیل تنویر اور عامر جمال نے 19،19 اور روحیل نذیر نے 11 رنز اسکور کیے۔ارشد اقبال نے 3 جبکہ افتخار احمد، خالد عثمان اور محمد عمران نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔