لاس اینجلس ۔ 19 جون(اے پی پی) دفاعی چیمپئن چلی اور ارجنٹائن کی ٹیمیں کوپا امریکہ فٹ بال کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔ ارجنٹائن نے وینزویلا کو 4-1 جبکہ چلی نے میکسیکو کو 7-0 گولز سے زیر کیا، چلی کے ورگاس نے 4 گول سکورز کر کے ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا اور میچ بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ امریکہ میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے تیسرے کوارٹرفائنل میں ارجنٹائن کی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے وینزویلا کو 1 کے مقابلے میں 4 گولز سے زیر کر کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی، ہیگوئن نے 2 جبکہ میسی اور لامیلا نے ایک، ایک گول کیا، وینزویلا کی طرف سے واحد گول رونڈن نے کیا۔ چوتھے اور آخری کوارٹرفائنل میں چلی نے غیرمعمولی کارکردگی کی بدولت میکسیکو کو 7-0 گولز کے بھاری مارجن سے ہرایا، وارگاس نے 4 گولز کر کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، پچ نے دو اور سانچز نے ایک گول کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=9232