دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز اپنی فتوحات برقرار رکھتے ہوئے یو ایس اوپن ٹینس مینز سنگلز کے تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئے

200
یو ایس اوپن ٹینس

نیویارک۔1ستمبر (اے پی پی): سپین کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار ،دفاعی چیمپئن اور میگا ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ کارلوس الکاراز ،اٹلی کے ٹینس سٹار جینک سنر،روسی ٹینس کھلاڑی آندرے روبلوف اور جرمن الیگزینڈرزویروف یوایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئے جبکہ برطانوی ٹینس سٹار اینڈی مرے مینز سنگلز دوسرے رائونڈ میں ہار کر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے۔رواں سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے امریکا کے شہر نیویارک میں جاری ہیں۔

مینز سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں سپین کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار ،دفاعی چیمپئن اور میگا ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ کارلوس الکاراز شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے لائیڈ ہیرس کوٹائی بریک پر سٹریٹ سیٹس میں 3-6، 1-6 اور 6-7(4-7) سے شکست دے کر اپنی پیش قدمی کو جاری رکھتے ہوئے تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا، جہاں ان کا مقابلہ برطانوی ٹینس کھلاڑی ڈین ایوانز سے ہوگا۔

اطالوی جینک سنر نے بھی دوسری رکاوٹ عبور کر لی، انہوں نے ہم وطن حریف کھلاڑی لورینزو سونیگو کو سیدھے سیٹس میں 4-6، 2-6 اور 4-6 سے مات دی۔ روس کے آندرے روبلوف نے بھی تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ انہوں نے دوسرے رائونڈ میں فرانسیسی حریف کھلاڑی گیل مونفلس کو 4-6، 3-6،6-3 اور 1-6 سے شکست دی۔ ایک اور میچ میں جرمنی کے الیگزینڈر زویروف نے سخت مقابلے کے بعد ہم وطن حریف کھلاڑی ڈینیل آلٹمیئر کو ہرا کر تیسرے رائونڈ تک رسائی حاصل کی۔ ان کی فتح کا سکور 6-7(1-7)،6-3، 4-6 اور 3-6 رہا۔بلغاریہ کے گریگور دیمتروف نے حریف برطانوی ٹینس کھلاڑی اینڈی مرے کو سیدھے سیٹس میں 3-6، 4-6 اور 1-6 سے ہرا کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔