33.4 C
Islamabad
جمعرات, مئی 8, 2025
ہومعلاقائی خبریںدفاع وطن کے لئے ہم سب ایک ہیں :کراچی میں پاک فوج...

دفاع وطن کے لئے ہم سب ایک ہیں :کراچی میں پاک فوج سے اظہار یک جہتی کے لئے سیاسی جماعتوں کی ریلی میں کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت

- Advertisement -

کراچی۔ 07 مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے زیر اہتمام بدھ کو کراچی پریس کلب کے باہر پاک فوج سے اظہار یکجہتی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان پیپلزپارٹی، پاکستان مسلم لیگ ن ، جماعت اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی، مسلم لیگ ق اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنمائوں، کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور باہمی اتفاق اور اتحاد سے دنیا کو پیغام دیا کہ سیاسی ونظریاتی اختلافات کے باوجود دفاع وطن کے لئے ہم سب ایک ہیں اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔شرکاء نے پاکستان کے پرچم کے ساتھ بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر پاکستان زندہ باد،پاک فوج زندہ باد، مودی مردہ باد کے نعرے درج تھے۔سیاسی رہنمائوں نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے بھر پور نعرے بھی لگائے جس کا شرکاء نے بھی بھرپور جواب دیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ملک کی تحفظ کی بات ہو تو ہم سب متحد ہوجاتے ہیں۔گجرات کے قصا ئی نے 22اپریل کو ایک ڈرامہ رچایا اور دس منٹوں میں آیف آ ئی آر درج کرا دی اور الزام پاکستان پر لگایا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے دن سے کہا کہ ہم خود دہشت گردی کا شکار ہیں ۔ہم چاہتے ہیں کہ پہلگام دہشت گردی کے پیچھے جو بھی ہے اس کو بے نقاب کیا جائے اور ہم ہر قسم کے تعاون کے لئے تیار ہیں اور اس کے لئے پاکستان نے ہر ملک سے رابطہ کیا اور کئی ممالک نے ثالثی کی پیشکش کی اور ہم نے یہ پیشکش قبول کی کیونکہ ہمارےہاتھ صاف تھے لیکن اس قصا ئی کو اس سے آرام نہیں آیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مودی نے رات کے اندھیرے میں حملہ کیا،رات کی تاریکی میں معصوم اور نہتے شہریوں کو شہید کیا جس میں بچے اور خواتین شامل ہے لیکن پاک فوج نے ایسا جواب دیا کہ کچھ ہی گھنٹوں میں سفید جھنڈے لہرانا شروع کئے۔

- Advertisement -

جن طیاروں پر ان کو گھمنڈ تھا ان کو بھی گرایا۔ہمیں یقین ہے ہماری افواج ملک کی حفاظت کرنا جانتی ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اس ریلی میں شرکت کی۔اگر ملک کو ضرورت پڑے تو پوری قوم خون کا آخری قطرہ تک دینے کے لئے تیار ہے۔اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی ریلی کا مقصد مودی کو پیغام دینا ہے کہ ملک کے لئے ہم سب ایک ہیں ، اپنی بہادرافواج اور اداروں کے ساتھ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے معصوم شہریوں پر حملہ کیا۔اس حملہ کی ہم مذمت کرتے ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک کلمہ کے نام پر بنا ہے اور قیامت تک قائم رہے گا۔کراچی جماعت اسلامی کے امیر منعم ظفر نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت اور مودی کو پیغام ہے کہ پوری پاکستانی قوم اس حملے کی شدید مذمت کرتی ہے، آج پریس کلب پر یکجہتی کا اظہار کیا جارہا ہے،پوری قوم کو سلام پیش کرتاہوں،قوم ملک کی حفاظت کے لئے پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔پاکستان ایک باوقار ایٹمی طاقت ہے۔

مودی گجرات اور کشمیر کے مسلمانوں کا قاتل ہے آج پوری دنیا نے دیکھ لیا ہے۔پوری قوم متحد ہے،یہ اتفاق اور یکجہتی کا پیغام پاک فوج کو تقویت دے گا۔ قومی کانفرنس منعقد ہونا چاہئے جہاں سے ایک مضبوط پیغام جائے۔انہوں نے کہا کہ آنے والا جمعہ یوم عزم منانا چاہیئے کہ ہم مسلح افوج کے ساتھ کھڑے ہیں ،پوری قوم متحد ہوکر آگے بڑھے گی۔پیپلزپارٹی سندھ کے اقلیتی رہنماء شام سندر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے تاریکی میں حملہ کیا تھا پاکستان نے بھر پور جواب دے کر بھارتی فوج کو پیچھے دھکیل دیا۔ اس دھرتی کی دفاع کے لئے پاکستان کی اقلیتیں بھی پاک فوج کے ساتھ ہیں ۔ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما افتخار عالم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم متحد اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو جن طیاروں پر گھمنڈ تھا اس کو خاک میں ملادیا جسےچند گھنٹوں کے بعد سفید جھنڈے لہرنے پڑ گئے۔

جہاں پاکستان سالمیت کی بات آئے گی وہاں ہم سب متحد ہیں ۔مسلم لیگ ن کے رہنماء علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی اس ریلی سے قوم اور دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ جب ہمارے اوپر کو ئی ایسا موقع آئے گا تو پوری قوم متحد ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے بھرپور جواب پر ہمیں انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔مسلم لیگ ق کے صوبائی صدر نیاز خاصخیلی نے کہا کہ بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج اور قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں آج تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594088

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں