24.4 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومقومی خبریںدفتر خارجہ ،پاکستان کا یوم استحصال پر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی...

دفتر خارجہ ،پاکستان کا یوم استحصال پر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ

- Advertisement -

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):غیر قانونی زیر تسلط بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر (آئی آئی او جے کے )میں 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کی چھٹی برسی پر پاکستان کے عوام اور حکومت نے منگل کو ’’یوم استحصال ‘‘ منا رہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس موقع پر اپنے خصوصی پیغامات میں صدر مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کشمیر کاز کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت کی تجدید کی ہے اور جموں و کشمیر کے تنازع کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیانات میں اس بات پر بھی زور دیا کہ 5 اگست 2019 سے بھارت کے غیر قانونی اقدامات کا مقصد کشمیریوں کو ان کی اپنی سرزمین پر ایک بے اختیار کمیونٹی میں تبدیل کرنا ہے۔

- Advertisement -

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر ، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو خطوط لکھے ہیں تاکہ انہیں آئی آئی او جے کے میں تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا جا سکے۔ ان خطوط میں انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد پر زور دیا ہے تاکہ جموں و کشمیر کے عوام اپنے مستقبل کا خود تعین کر سکیں۔

انہوں نے غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کی بہتری اور کشمیری سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔یوم استحصال سے قبل سیکرٹری خارجہ نے 4 اگست 2025 کو اسلام آباد میں قائم سفارتی مشنز کو آئی آئی او جے کے کی صورت حال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے خطے میں گزشتہ چند ماہ کی پیش رفت کے حوالے سے جموں و کشمیر تنازعہ کے قانونی، سلامتی اور انسانی حقوق کے پہلوؤں پر خصوصی روشنی ڈالی۔ غیر قانونی زیر تسلط بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے منگل کی صبح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شاہراہ دستور سے ڈی چوک تک ایک خصوصی واک کا انعقاد کیا گیا۔

واک کی قیادت نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ نے کی۔ واک میں وزارت کے اعلیٰ حکام اور عملہ کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔یوم استحصال کو منانے کے لیے ملک بھر میں مختلف پروگرامز مرتب کئے گئے جن میں عوامی ریلیاں، سیمینار، ویبنار، مباحثے اور تصویری نمائشیں شامل ہیں۔ اسی طرح پاکستانی اور کشمیری تارکین وطن کی بھر پور شرکت کے ساتھ دنیا بھر میں پاکستان کے سفارتی مشن بھی غیر قانونی زیر تسلط بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی جبر کے بارے میں عالمی سطح پر بیداری پیدا کرنے کے لیے خصوصی تقریبات کا اہتمام کر رہے ہیں۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں