دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس ذکریا کی ہفتہ وار پریس بریفنگ

125

اسلام آباد ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ پوری قوم اور مسلح افواج ہر قیمت پر ملکی دفاع اور خود مختاری کے تحفظ کیلئے تیار ہیں، پاک فضائیہ کی مشقیں معمول کا حصہ ہیں، اڑی واقعہ سے کوئی تعلق نہیں، پاکستان امن پسند ملک ہے اور پر امن ہمسائیگی وزیر اعظم نواز شریف کا وژن ہے،کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے، بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہیں، بھارت میں ہر واقعہ کے بعد بغیر کسی تحقیقات کے پاکستان پر الزام تراشیاں بھارت کا معمول بن چکا ہے،بلوچستان اور کراچی سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں بھارتی تخریبی سرگرمیوں اور دہشت گردوں کو مالی اعانت فراہم کرنے کے واضح شواہد موجود ہیں جو پہلے بھی اقوام متحدہ کو دیئے اور وقت آنے پر مزید ثبوت بھی فراہم کرینگے۔وہ جمعرات کو دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران صحافیوں کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ ترجمان نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے اڑی میں واقعہ کے بعد کی صورتحال کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ تمام پاکستانی قوم اور مسلح افواج ہر قیمت پر ملکی دفاع اور خود مختاری کے تحفظ کیلئے تیار ہیں۔پاک فضائیہ کی مشقیں معمول کا حصہ ہیں اور انکا اڑی واقعہ سے کوئی تعلق نہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور پر امن ہمسائیگی وزیر اعظم کا وژن ہے۔ترجمان نے اڑی واقعہ میں پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں ہر واقعہ کے بعد پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانا نئی دہلی کا ایک معمول بن چکا ہے،بھارت مقبوضہ کشمیر میں بیگناہ کشمیریوں پر مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے اس قسم کے ہتھکنڈے استعمال کرتا رہتا ہے جبکہ کچھ عرصہ قبل بلوچستان میں گرفتار بھارتی را ایجنٹ کے پاکستان میں تخریب کاری اور دہشت گردں کی مالی اعانت کے اعترافی بیانات دنیا نے دیکھے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی بھارتی مداخلت کے ثبوت اقوام متحدہ کو پیش کئے ہیں اور وقت آنے پر مزید ثبوت بھی فراہم کرینگے۔ترجمان نے اڑی سیکٹر سے متعلق نیپالی وزیر اعظم سے منسوب بھارتی میڈیا کے خبروں کو من گھڑت قرار دیا اور کہا نیپالی وزیر اعظم ہاﺅس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی میڈیا نے نیپالی وزیر اعظم کا بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا ہے۔