دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس ذکریا کی پریس بریفنگ

126

اسلام آباد ۔ 14 اکتوبر (اے پی پی)دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان کا نیوکلئر ڈیٹرنس بھارت کے جارحانہ عزائم کے رد عمل میں ملکی دفاع اور تحفظ کیلئے ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر دنیا کے سامنے بے نقاب ہونے پر بھارت سخت اعصابی دباﺅ کا شکار ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے، بھارت کی پاکستان میں مداخلت اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ثبوت موجود ہیں، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں تمام ادارے ایک پیج پر ہیں، پاکستان عالمی سطح پر قطعی طور پر تنہا نہیں، یہ بھارتی پروپیگنڈہ ہے، پاکستانی میڈیا نے بھارتی میڈیا کے جھوٹ پر مبنی پراپیگنڈا کا بر وقت اور موثر جواب دیا جو قابل تحسین ہے۔ وہ ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے مختلف سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس ذکریا نے کشمیر سے متعلق ایک سوال جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر دنیا کے سامنے بے نقاب ہونے پر بھارت سخت اعصابی دباﺅ کا شکار ہے۔ ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی اور پڑوسی ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت بھارتی اعصابی دباﺅ کا ثبوت ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں یو این ہیومن رائٹس کونسل کی جانب سے فیکٹ فائنڈنگ مشن کو روک رہا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔ترجمان نے کہا کہ سرجیکل سٹرائیک کا بھارتی دعویٰ مقبوضة کشمیر میں مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر قائم ہے۔ پاکستانن ے کشمیر کا مسئلہ تمام بین الاقوامی فورمز پر اٹھایا ہے، پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی ،اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔