دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا کی ہفتہ وار پریس بریفنگ

109

اسلام آباد ۔ یکم جون (اے پی پی) دفتر خارجہ کے ترجمان نے کابل میں خود کش دھماکے میں پاکستان کے ملوث ہونے سے متعلق افغان حکومت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ الزام تراشیاں کسی مسلے کا حل نہیں،افغانستان کا مسئلہ اندرونی ہے ،اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے دوسروں کو قصور وار ٹھہرانے سے مسلہ حل نہیں ہو گا۔کشمیر کا تنازعہ جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن و استحکام میں بنیادی رکاوٹ ہے۔ عالمی عدالت انصاف کی جانب سے کلبھوشن یادیو کی سزا میں امتناع سے متعلق بھارتی میڈیا کے دعوے جھوٹ پر مبنی ہیں اور عالمی عدالت انصاف نے بھی اس جھوٹ کا نوٹس لیا ہے۔جمعرات کو دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے گزشتہ روز کابل میں خود کش دھماکے میں پاکستان کے ملوث ہونے سے متعلق افغانستان کے الزامات کو سختی سے مسترد کیا اور کہا کہ الزام تراشیاں افغانستان میں قیام امن کیلئے کوششوں میں مدد گار ثابت نہیں ہونگی۔پاکستان خود دہشت گردی شکار ہے اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے پناہ جانی و مالی قربانیاں دی ہیں۔ترجمان نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے ،افغانستان میں امن کا سب سے زائد فائدہ پاکستان کو ہوگا۔پائیدار استحکام کے بغیر خطے میں امن و اقتصادی خوشحالی کے تمام خواب ادھوری ہیں۔